سرینگر //انڈین میڈیکل کونسل ریسرچ کی جانب سے مئی میں بھارت کی انتہائی حساس 10ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے 60اضلاع میں شروع کئے گئے سروے کے تیسرے مرحلے کے دوران ضلع پلوامہ میں 31.5فیصد لوگوں میں کوروناسے لڑنے کی طاقت موجود پائی گئی ۔ اس سروے کے دوسرے مرحلے میں اگست مہینے میں پلوامہ میں 27.3فیصد لوگوں میں کورونا وائرس سے لڑنے کی طاقت موجود تھی۔آئی سی ایم آر کیلئے کشمیر میں سروے منعقد کرانے والے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں شعبہ ایس پی ایم کے سربراہ ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کہا ’’ مرکزی سرکار نے سروے کیلئے کشمیر صوبے کے پلوامہ ضلع کا انتخاب کیا تھا اور اسلئے سروے کے تینوں مراحل پلوامہ میں ہی منعقد کرنے تھے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دسمبرمیں منعقد کئے گئے سروے کے تیسرے مرحلے کے دوران 10سال سے اوپر عمر کے بچوں اور بالغ افراد پر مشتمل 419افراد پر سروے کی گئی، جن میں ایس ڈی ایچ ترال میں تعینات 103ہیلتھ ورکر بھی شامل ہیں‘‘۔ڈاکٹر سلیم خان نے کہا ’’ شار شالی کھریو میں40نمونے حاصل کئے گئے جن میں 8میں کورونا بیماری سے لڑنے کی طاقت موجود پائی گئی جس کی شرح 20فیصد بنتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ نور پورہ ترال میں41افراد کے نمونے حاصل کئے گئے جن میں 21میں اینٹی باڈیز موجود پائی گئیں ، جو 51فیصد شرح بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈار گنائی گنڈ نامی گائوں میں 43لوگوں کے نمونے حاصل کئے گئے جن میں سبھی 43کی رپورٹوں میں اینٹی باڈیز موجود تھیں۔جو 34.88فیصد شرح بنتی ہے۔ڈاکٹر خان نے مزید کہا کہ چری بگ گائوں میں40افراد کے نمونے حاصل کئے گئے جن میں 17میں اینٹی باڈیز موجود تھے، جو42.50فیصد کی شرح بنتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رتنی پورہ میں50افراد کے نمونے حاصل کئے گئے جن میں11میں کورونا سے لڑنے کی قوت پائی گئی جو22فیصد شرح ہے۔ گڈورہ میں41افراد کے نمونے حاصل کئے گئے اور یہاں 13 میں کورونا سے لرنے کی طاقت موجود تھی جو31.71فیصد شرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سونہ سامل میں 41افراد کے نمونے حاصل کئے گئے جن میں 10کی رپورٹیں مثبت آئیں اور یہاں 24.39فیصد لوگوں میں کورونا بیماری سے لڑنے کی طاقت موجود پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کھیگام میں 40میں سے 9افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور یہاں 22.50فیصد لوگوں میں اینٹی باڈیز موجود پائے گئے سروے رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ لترپلوام میںہ42نمونے لئے گئے جن میں سے 12میں کورونا مخالف اینٹی بانڈیز موجود تھیں اور یہاں 28.57فیصد شرح رہی۔رپوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مونسپل کونسل ترال کے وارڈ نمبر 3میں 41میں سے 16افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح یہاں 39.02فیصد لوگوں میں کورونا وائرس سے لڑنے کی طاقت موجود پائی گئی ۔ڈاکٹر سلیم خان نے بتایا کہ سروے کے تیسرے مرحلے کے دوران ایس ڈی ایچ ترال میں تعینات 103ہیلتھ ورکروں کے نمونے بھی حاصل کئے گئے اور ان میں سے 33کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح ہیلتھ ورکروں میں بھی پلوامہ میں 32فیصد میں اینٹی باڈیز موجود پائی گئیں۔