عظمیٰ نیوزسروس
اننت ناگ+شوپیان// پولیس نے اننت ناگ اور شوپیان میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ مال کے اشتراک سے منشیات کے مقدمات میں ملوث افراد سے منسلک غیر قانونی املاک اور اثاثوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی۔اننت ناگ میں این ایچ-44 کے سنگم علاقے میں سرکاری زمین پر قائم متعدد غیر قانونی ڈھابے مسمار کیے گئے۔ مسمار کیے گئے ڈھانچوں میں ’کشمیر ریسٹورنٹ (ڈابہ)‘ جو گل محمد میر اور بشیر احمد میر کی ملکیت تھا، ’’تاج ریسٹورنٹ (ڈابہ)‘‘ جو محمد مقبول میر اور ان کے بیٹوں اعجاز احمد اور غلام محی الدین میر سے منسلک تھا، اور ’میر ریسٹورنٹ‘ جوعمہ میر کی ملکیت تھا، شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ تمام افراد پولیس سٹیشن بجبہارا میں درج این ڈی پی ایس مقدمات میں ملوث ہیں۔
شوپیاں میں کارروائی کے دوران نفاذی ٹیموں نے سرکاری زمین پر غیر قانونی طور پر لگائے گئے سفیدے اور گیلاس کے درخت اکھاڑ دیے اور غیر مجاز دکانیں مسمار کر دیں۔ یہ کارروائیاں ملہورہ کے عنایت لون، وچی کے عبد الحمید اور مرہنز کے سجاد احمد ڈار سے منسلک اثاثوں کے خلاف کی گئیں، جو پولیس سٹیشن زینہ پورہ اور شوپیان میں درج این ڈی پی ایس مقدمات میں ملوث ہیں۔تمام کارروائیاں متعلقہ سول اور پولیس افسران کی موجودگی میں قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انجام دی گئیں۔جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے نیٹ ورکس سے منسلک غیر قانونی اثاثوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات کے خاتمے کے لیے تعاون کریں تاکہ ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔