انسداد تجاوزات مہم | سرینگر میں40کنال سرکاری اراضی بازیاب ڈورو میںدو سابق وزراء کے زیر قبضہ اراضی پر بلڈوزر چلایا گیا

نیوز ڈیسک+عارف بلوچ
سرینگر+اننت ناگ// منگل کے روز انتظامیہ کی جانب سے انسداد تجاوزات مہم کے تحت سینکڑوں کنا ل سرکاری اراضی کو باز یاب کیا گیا۔ سری نگر کے کرن نگر میں ضلعی انتظامیہ نے 12کنال سرکاری اراضی کو تحویل میں لے کر وہاں پر تعمیر کئے گئے ڈھانچوں کو منہدم کیا جبکہ ہوٹل نڈوز کے صحن میں ایک شیڈ کو بھی مسمار کیا گیا۔منگل کے روز محکمہ مال کی ایک ٹیم نے پولیس کے ہمراہ کرن نگر میں 12کنال سرکاری اراضی کو تحویل میں لے لیا۔اْن کے مطابق اراضی پر کچھ ڈھانچے بھی تعمیر کئے گئے تھے جنہیں منہدم کیا گیا۔ منگل کی سہ پہر کو محکمہ کی ایک ٹیم نے ایم اے روڈ پر واقع نڈوز ہوٹل کی چالیس کنال اراضی کو سرکاری قرار دے کر وہاں پر تعمیر کئے گئے ایک شیڈ کو منہدم کیا ۔تحصیلدار ساوتھ سرینگر معین ککرو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سرینگر کے ایم روڈ اور کرن نگر میں 52کنال سرکاری اراضی کو تحویل میں لیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ایم روڈ پر واقع نڈوز ہوٹل کے مالک نے40کنال سرکاری اراضی کو تحویل میں لیا تھا اور وہاں پر ڈھانچہ بھی تعمیر کیا جس کو مسمار کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ کرن نگر کے پاش علاقے میں 12کنال سرکاری اراضی سے قبضے کو چھڑایا گیا۔ ادھراننت ناگ میںانتظامیہ نے سابق جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے سربراہ پیرزادہ محمد سعید،سابق وزیر مملکت سید فاروق اندرابی، اور سابق وزیر اعلی سید میر قاسم کے ورثا کے خلاف تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چلائی۔آرہ خوشی پورہ میں پیرزادہ محمد سعید کے زیر قبضہ کاہچرائی 1 کنال اراضی اور ان کے احاطے کی بیرونی دیوار جو کہ سرکاری زمین پر بنائی گئی تھی گرا دی گئی ۔ حکام کے مطابق سابق وزیر کو رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کے لئے نوٹس بھیجی گئی تھی ۔ اسی طرح ڈورو کے سابق رکن اسمبلی سید فاروق اندرابی کے خاندان نے شسترگام میں باغات کے راستے شاملات 4 اراضی کی 2 کنال اور 7 مرلہ اراضی پر قبضہ کیا تھا۔ انہی زمینوں کو دوبارہ حاصل کر لیا گیا ہے اور موقع پر ہی زمین کی حیثیت کی نشاندہی کے لئے نوٹس بورڈز لگائے گئے۔ شاملات کی مزید 15 کنال اراضی جس پر سابق وزیر اعلی سید میر قاسم کے ورثا نے قبضہ کر رکھا تھا کو بھی تحصیلدار ڈورو کی قیادت میں ایک ٹیم نے واپس حاصل کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں سیاحتی مقام پہلگام میں سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی جانب سے غیر قانونی طورپر سرکاری اراضی پر تعمیر کئے گئے ہوٹل گرین آکر کو بھی منگل کے روز محکمہ مال کی ٹیم نے سیل کیا اور وہاں پر بورڈ نصب کیا۔ لاری پورہ پہلگام کے نزدیک گگرین آکر گیسٹ ہاوس تعمیر کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کرکے سرکاری اراضی پر ہوٹل تعمیر کیا تھا۔ تحصیلدار پہلگام نے بتایا کہ پہلگام میں گزشتہ کئی روز سے انسداد تجاوزات مہم کے تحت ایک ہزار کنال سرکاری اراضی سے قبضے کو چھڑایا گیا۔