پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت کی ہدایت پر محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری، محکمہ میونسپل کونسل، محکمہ فوڈ سیفٹی اور دیگر محکمہ جات کے افسران نے منگل وار کو پونچھ کے مختلف بازاروں میں اشیاخوردنوش، سبزی فروش، مرغی خانوں، دوائی کی دوکانوں وغیرہ کی دکانوں کا معائنہ کیا ۔اس دوران انہوں نے خراب اشیاء کو ضائع کیا جبکہ منافہ خوروں اور قوانین کی پابندی نہ کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کر کے موقع پر بھاری جرمانہ کیا۔واضح رہے کہ ماہ مبارک رمضان کے شروع ہونے سے ہی عوام شکایت کر رہے ہیں کہ بازار میں ان سے اضافی نرخیں وصول کی جا رہی ہیں جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے افسران کو سخت ہدایت کی کہ وہ بازار کا دورہ کر کے وہاں معائینہ کریں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈئر یکٹر محکمہ امور صارفی و عوامی تقسیم کاری رنجیت سنگھ چِب نے کہا کہ انہوں نے مختلف محکمہ جات کے افسران کے ہمراہ یہ دورہ ضلع ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران انہوں نے ناجائزہ منافع خوری اور اخراب اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ان کے چالان کاٹے اور دکانداروں کو ضروری ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ناانصافی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائگی۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ہر گز اجازت نہیں دے گی کہ دوکاندار معین نرخوں سے زیادہ وصول کریں۔انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے والوں سے سختی سے نپٹا جائے گا۔