یو این آئی
نئی دہلی// الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں شفافیت بڑھانے کے مقصد سے پیر کو ایک پورٹل شروع کیا جس پر سیاسی جماعتیں اپنی مالی تفصیلات آن لائن جمع کرا سکیں گی۔کمیشن نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس نے تمام سیاسی جماعتوں کو لکھا ہے کہ اب وہ اپنے لین دین اور مالیاتی تفصیلات کمیشن کے پورٹل پر آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔کمیشن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے عطیات، اخراجات اور سالانہ حسابات کی رپورٹ بھی اس پورٹل پر داخل کر سکیں گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس پورٹل پرسیاسی جماعتوں کے دفتر جا کر مالیاتی تفصیلات داخل کرانے سے متعلق مشکلات کم ہوں گی اور ایسی معلومات دائرکرنے کے لیے ایک معیاری اور طے شدہ فارمیٹ بھی دستیاب ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی انتخابی عمل میں شفافیت بھی بڑھے گی۔پورٹل کے ذریعے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے موبائل نمبرز اور ای میلز پر پیغامات بھیج کر انہیں مطلع کیا جائے گا کہ وہ مقررہ وقت تک اپنی مالی تفصیلات جمع کرائیں۔ کمیشن اس پورٹل پر تفصیلات درج کرنے کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے لیے ایک تربیتی سیشن کا بھی اہتمام کرے گا۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اگر کوئی سیاسی جماعت مالی تفصیلات آن لائن جمع نہیں کرانا چاہتی تو اسے اس کی تحریری وجہ بتاتے ہوئے مینوئل طریقے سے تفصیلات جمع کرانی ہوگی اور ساتھ میں یہ معلومات سی ڈی یا پین ڈرائیو میں بھی فراہم کرنی ہوں گی۔ کمیشن پورٹل پر آن لائن داخل کی گئی تمام تفصیلات کو عام کرے گا اور تفصیلات آن لائن جمع نہ کرنے کی وجوہات بھی بتائے گا۔