جموں // جے کے این پی پی کے چیئرمین و سابقہ وزیر ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ ملک میں جاری انتخابات کے دوران سیاست دانوں کی جانب سے کالا دھن کا استعمال کرنے سے جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔منگل کے روز یہاں تحصیل مجالٹہ کے ناکی اور بحرانہ دیہات میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ بڑی بڑی سیاسی پارٹیاں انتخابات کے دوران ہوئی جہاز اور ہیلی کاپٹر کرایہ پر لینے،فلمی ہستیوں کو مہم میں ملوث کرنے، ٹی وی چینلوں اور میڈیاکے خریدنے اور ووٹروں کو اپنی جانب متاثر کرنے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بے مثال رقم کا استعمال کرنے سے جمہوریت ہی ختم ہو رہی ہے۔انہوں نے انتخابات میں پیسوں کے لین و دین کو صاف و شفاف انتخابات میں ایک روکاوٹ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی سیاسی دلیل نے جمہوریت کو مفلوج کر دیا ہے اور اسے متعلقہ حکام اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کی بے عزتی قرار دیا ہے۔انہوںنے گُذشتہ ہفتہ اننت ناگ پارلیمانی انتخاب کے دوران ایک ٹرک سے کرنسی برآمد ہونے کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوںنے سوشل میڈیا پر وارانسی میں کھلے عام پیسوں کے استعمال پر ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے وارانسی میں وزیر اعظم کی ریلی میں لوگوں کو لیجانے کیلئے ہزاروںبسوں کے استعمال پر کروڑوں روپے خرچ کرنے پر جواب دہی کی کوئی نوٹس نہ لینے پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے اودہمپور پارلیمانی حلقہ میں کھلے عام اخراجات کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اودہمپور حلقہ میں امیدواروں نے پیسوں کا کافی استعمال کیا ہے ۔ انہوںنے ڈی ایس ایس امیدوار پر بھی کروڑوں روپے خرچ کرنے کا بھی الزام لگایا ہے۔