جموں// امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں پیشگی رجسٹریشن یکم اپریل 2019 سے شروع کی گئی ہے جو بال تل اور چندن واڑی روٹس سے جاری رہے گی۔ یہ رجسٹریشن ملک بھر کے بنکوں بشمول پی این بی، جے اینڈ کے بنک اور یس بنک کی442 نامزد شاخوں میں عمل میں لائی جائے گی۔ اس سال46 دنوں کی یاترا یکم جولائی2019 سے دونوں روٹوں سے شروع ہوگی اور15 اگست2019 کو رکشا بندھن کے موقعہ پر اختتام پذیر ہوگی۔سی ای او اُمنگ نرولا نے کہا کہ موجودہ یاترا پرمٹ فارموں میں یاترا2019 کے لئے مزید بہتری لائی گئی ہے۔ نئے یاترا پرمٹ فارم کو کیوک رسپانس کوڈ اور بار کوڈ سے موثر طریقے سے استعمال میں لانے کے مقصد سے دونوں روٹوں پر یاتریوں کی نشاندہی کے لئے کوڈ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کے ان اقدامات کی بدولت دونوں روٹوں پر یاتریوں کی نقل و حمل پر نظر رکھی جاسکے گی۔ اس کوشش سے انفورسمنٹ ایجنسیوں کو ایکسس کنٹرول گیٹ پر یاتریوں کی گنتی اور یاترا کو باقاعدہ بنانے میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ یاترا پرمٹ فارم جنہیں انڈیا سیکورٹی پریس ناسک سے پرنٹ کیا گیا ہے، میں اشوکا پِلر( واٹر مارک) جیسے سیکورٹی فیچر موجود ہیں۔اُمنگ نرولا نے مزید کہا کہ مشکل ترین ٹریکس پر سلامتی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے صرف انہی یاتریوں کو بیس کیمپ سے آگے جانے کی اجازت ہوگی جن کے پاس یاترا پرمٹ ہوگا تا کہ یہ یاتری دُمیل اور چندن واڑی کے انٹری گیٹوں کو پار کرسکیں ۔ انہوں نے تمام متعلقہ یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ رجسٹریشن کے لئے ضروری لوازمات پوری کریں اور وقت پر یاترا پرمٹ حاصل کریں تا کہ انہیں یاترا کے دوران کسی بھی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔