واشنگٹن // امریکہ نے جموں کشمیر میں 4جی موبائل انٹر نیٹ کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ نے اس ضمن میں ایک ٹویٹ کیا ہے۔وزارت خارجہ کے جنوبی اور وسطی ایشیاء امور کی جانب سے کئے گئے ٹویٹ میں کہا گیا ہے’’ ہم جموں کشمیر میں 4جی موبائل انٹر نیٹ کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں‘‘۔اس میں مزید کہا گیا ہے’’ یہ مقامی شہریوں کیلئے اہم اقدام ہے اور جموں کشمیر میں امن قائم کرنے کیلئے ہم سیاسی اور اقتصادی ترقی کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے پر امید ہیں‘‘۔یاد رہے کہ جموں کشمیر میں 6فروری 2021کو 18ماہ یعنی 550روز کی بندش کے بعد 4جی انٹر نیٹ سروس بحال کی گئی ہے۔ 5اگست 2019کو دفعہ 370منسوخ کرنے اور جموں کشمیر و لداخ کی سابق ریاست کو دو مرکزی اکائیوں میں تقسیم کرنے کے موقعہ پر جموں کشمیر میں مواصلاتی بندشیں عائد کی تھیں۔پھر 17اگست 2019کو مرحلہ وار طریقے پر لینڈ لائن کی بحالی کا کام شروع کیا گیا۔14اکتوبر کو پوسٹ پیڈ موبائل سروس بحالی ہوئی۔18جنوری 2020 کوپری پیڈ موبائل فون سروس بحال کی گئی۔25جنوری 2020کو 2جی انٹر نیٹ سروس بحال کرنیکا فیصلہ کیا گیا اور 16اگست 2020کو ادہمپور اور گاندربل کے دو اضلاع میں فور جی بحال کیا گیا۔18ماہ کے دوران جموں کشمیر انتظامیہ نے 18بار فور جی انٹر نیٹ سروس کی بندش برقرار رکھنے کیلئے احکامات صادر کئے تھے۔