پونچھ//امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں انجمن جعفریہ پونچھ کی جانب سے اجتماعی نکاح تقاریب کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصد فضول خرچی سے بچتے ہوئے شادی کو آسان و مسنون طریقہ سے کرنا تھا۔ اس موقع پر کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کیا گیا۔ضلع پونچھ کے صدر مقام پر انجمن جعفریہ پونچھ نے گجرات کی ایک غیر سرکاری تنظیم کے اشتراک سے اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیا جس میں 16 جوڑوں کا نکاح پڑھایا گیا۔کورونا وبا کے چلتے اجتماعی شادیوں کی تقریب کے موقع پر حکومت کی جانب سے نافذ کی گئی گائیڈ لائین پر سختی سے عمل کیا گیا۔ اس موقع پر تنظیموں کے ذمہ داران نے بتایا کہ اجتماعی شادیوں کا مقصد فضول خرچی سے بچنا ہے۔ انہوں نے شادیوں کے موقع پر جہیز و دیگر غیرشرعی رسومات سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا۔واضع رہے کہ امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں ہر سال بڑے پیمانہ پر اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں درجنوں جوڑوں کا نکاح پڑھایا جاتا تھا۔ اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت، ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار، اضافی ترقیاتی کمیشنر ڈاکٹر بشارت انقلابی،سب جج سید وجاہت کاظمی،تحصیلدار حویلی بشیر انجم کھٹک ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران، معززین شہری موجود تھے۔