عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پارلیمانی انتخابات کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی ، الیکشن کمیشن نے ریاستوں اور یونین ٹریٹریز کے اضلاع میں طویل مدت تک کسی خاص جگہ پر خدمات انجام دینے والے افسران کو ہٹانے کی ہدایات دی ہیں۔ کمیشن نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو مکتوب روانہ کیا ہے جس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ موجودہ لوک سبھا کے ساتھ ساتھ آندھرا پردیش، اڈیشہ،سکم اور اروناچل پردیش کی ریاستی اسمبلیوں کی میعاد اگلے سال جون میں مختلف تاریخوں پر ختم ہو رہی ہے۔ 2014 میں بھی پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ساتھ چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ایک ساتھ ہوئے تھے۔ انتخابی کمیشن نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات سے پہلے ریاستوں کو اس طرح کی ہدایات جاری کرتا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سیاسی جھکاؤ رکھنے والے افسران انتخابی عمل میں مداخلت نہ کریں اور سطحی طور پر اس عمل میں خلل نہ ڈالیں۔21 دسمبر کو تحریر کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ انتخابات سے براہ راست منسلک کسی بھی افسر کو موجودہ ضلع میں پوسٹنگ جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اگر وہ اپنے آبائی ضلع میں تعینات ہے۔اس کے علاوہ، اگر افسر نے پچھلے چار سالوں کے دوران کسی ضلع میں تین سال مکمل کیے ہیں یا اگلے سال 30 جون کو یا اس سے پہلے تین سال پورے کر رہے ہیں تو اس کا تبادلہ کر دیا جائے۔کمیشن نے کہا کہ اس کا ریاستی مشینری کی بڑے پیمانے پر پھیر بدل کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور بعض قسم کے افسران کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ کوئی بھی افسر جس کے خلاف سرکاری کام کاج سے متعلق کوئی فوجداری مقدمہ کسی بھی عدالت میں زیر التوا ہو، الیکشن سے متعلقہ ڈیوٹی سے منسلک نہ ہو۔