جموں //چیف الیکٹورل آفیسر جے اینڈ کے شلیندر کمار نے سی ای او دفتر جموں سے متدان مہا اتسو گاڑی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ ضلع چناؤ آفیسر جموں رومیش کمار اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ عام لوگوں میں چناؤ عمل کے حوالے سے جامع بیداری پیدا کی جائے اور آنے والے پارلیمانی انتخابات میں رائے دہندگان کی بڑھ چڑھ کر شرکت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ واضح رہے کہ متدان مہا اتسو گاڑی کی شروعات سویپ مہم کا ایک حصہ ہے ۔ یہ گاڑی مختلف اضلاع کے متعدد علاقوں میں جا کر آج سے لیکر دس اپریل تک رائے دہندگان کے حقوق کے بارے میں جامع بیداری پیدا کرے گی ۔ متدان مہا اتسو گاڑی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں ، وی وی پی اے ٹی جو گاڑی میں موجود رہے گی اور کئی دیگر امور کے بارے میں بیداری پیدا کرے گی ۔ گاڑی ای ایم ویز اور وی وی پی اے ٹی کے ساتھ ساتھ ووٹ دینے کے طریقوں کے بارے میں ویڈیوز کی بھی عکاسی کرے گی ۔ ضلع چناؤ آفیسر راکیش کمار نے اس موقعہ پر کہا کہ سویپ مہم کے تحت ضلع بھر میں کئی سرگرمیاں عملائی جا رہی ہیں جن میں ہوڈنگس ، دیواروں پر مصوری ، سلوگن نویسی ، پوسٹروں اور رنگولی، سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں ریلیوں کے انعقاد سے بیداری پیدا کرنا بھی شامل ہے ۔ سویپ کے تحت بیداری پیدا کرنے کیلئے مقامی ثقافتی پروگراموں کو بروئے کار لایا جائے گا جن میں ڈرم بجانا ، ڈوگری فوک ، پتنگوں کا میلہ ، ہولی مہا اتسو شامل ہے اس کے علاوہ خاتون سرپنچوں اور پنچوں میں بھی بیداری پیدا کی جائے گی تا کہ خواتین کی چناؤ میں بڑے پیمانے پر شرکت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ضلع چناؤ آفیسر نے مزید کہا کہ جموں میں سنیما ایڈس اور میڈیا سٹرپس ، کیری بیگس ، پولیس پبلک میلوں اور ذرایع ابلاغ کے مختلف یونٹوں کے ذریعے سے بھی بیداری پیدا کی جائے گی ۔ آنے والے پارلیمانی چناؤ میں ووٹروں کی شرکت کو بڑھاوا دینے کیلئے اے سی ڈی جموں اعجاز قیصر کی نگرانی میں پہلے ہی ایک سویپ مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت مختلف مقابلوں کے ساتھ ساتھ کالجوں کے اطراف میں بیداری ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور ہر طبقے میں چناؤ عمل کے مختلف امور کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ سی ای او نے جموں میں اس سلسلے میں کئے جا رہے اقدامات کیلئے ضلع چناؤ آفیسر جموں کی طرف سے سویپ پروگرام کے تحت عملائی جا رہی سرگرمیوں کیلئے انہیں مبارکباد دی ۔