عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//بھارت کی سب سے بڑی سیمنٹ کمپنی الٹرا ٹیک سیمنٹ نے مالی سال 26کی تیسری سہ ماہی (اکتوبر تا دسمبر)میں مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1,729.44کروڑ کا مجموعی خالص منافع درج کیا ہے۔کمپنی نے ایک سال قبل اسی مدت میں 1,363.44 کروڑ کا منافع حاصل کیا تھا، جس کے مقابلے میں رواں سہ ماہی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔کمپنی کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج کو دی گئی معلومات کے مطابق، دسمبر سہ ماہی میں آپریشنز سے آمدنی 21,829.68 کروڑ رہی، جو پچھلے سال اسی مدت میں 17,778.83 کروڑ تھی۔الٹرا ٹیک نے واضح کیا کہ حالیہ نتائج کا براہِ راست موازنہ گزشتہ سال سے ممکن نہیں، کیونکہ اس دوران انڈیا سیمنٹس لمیٹڈ، برلا وائٹ وال کیئر اور متحدہ عرب امارات کی کمپنی RAKWCT کے حصول، نیز کیسورام انڈسٹریز کے سیمنٹ بزنس کے انضمام جیسے بڑے اقدامات مکمل کیے گئے۔دسمبر سہ ماہی میں کمپنی کی کل آمدنی 21,965.26 کروڑ رہی۔ اس دوران سیمنٹ کی فروخت میں 15 فیصد اضافہ ہو کر 33.85 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جبکہ گھریلو گرے سیمنٹ کی پیداوار 36.37 ملین ٹن رہی۔کمپنی کے مطابق، انڈیا سیمنٹس اور کیسورام کو شامل کیے بغیر، گھریلو گرے سیمنٹ مارکیٹ میں فروخت کا حجم 29.4 فیصد بڑھا۔ اسی طرح صلاحیت کے استعمال میں بھی بہتری آئی اور یہ 77 فیصد تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال 72 فیصد تھا۔مالی لحاظ سے کمپنی کی کارکردگی مزید مضبوط رہی، جہاں ای بی آئی ٹی ڈی اے فی میٹرک ٹن 1,051 رہا، جو سالانہ بنیاد پر 140 کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ تاہم، فروخت کی اوسط قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ریڈی مکس کنکریٹ (RMC) کے شعبے میں فروخت 26 فیصد بڑھ کر 1,848 کروڑ تک پہنچ گئی۔ ادھر انڈیا سیمنٹس، جسے گزشتہ سال حاصل کیا گیا تھا، بحالی کی راہ پر گامزن ہے اور اس کی فروخت میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔توسیعی منصوبوں کے تحت، کمپنی نے سہ ماہی کے دوران 2,357 کروڑ کی سرمایہ کاری کی اور مہاراشٹر و راجستھان میں نئی پیداواری صلاحیت شامل کی۔ اس کے بعد الٹرا ٹیک کی عالمی سیمنٹ صلاحیت 194 ملین ٹن سالانہ تک پہنچ گئی ہے۔الٹرا ٹیک نے بتایا کہ کیبلز اور وائرز کے نئے کاروبار پر کام منصوبے کے مطابق جاری ہے اور اس کی لانچنگ مالی سال 27 کی تیسری سہ ماہی میں متوقع ہے۔