سرنکوٹ// سرنکوٹ اقبال نگر میں گزشتہ ایک سال سے ایک ڈنگے میں بڑی دراڑ پڑی ہوئی ہے جس سے اس ڈنگے کے گرنے کا خدشہ ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق بارشوں کے وقت نالے کے پانی میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے پچاس فٹ اونچے اس ڈنگے کے نیچے بڑی دراڑ پڑی ہوئی ہے ۔ان کاکہناہے کہ یہ ڈنگہ غیر محفوظ ہے جو کسی بھی وقت گر سکتاہے ۔ مقامی لوگوں نے گریف اور میونسپلٹی حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ نہ ہی اس جانب گریف کی طرف سے کوئی توجہ دی جارہی ہے اور نہ ہی میونسپلٹی حکام کو کوئی پرواہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ کبھی بھی ڈھہ سکتاہے جس سے کوئی بڑا جانی اور مالی نقصان ہونے کا احتمال ہے ۔لوگوں کے مطابق سڑک بالکل اس ڈنگے کے اوپر سے گزرتی ہے اور راہگیروں کا گزر بھی اس کے اوپر سے ہوتاہے ۔انہوںنے ایس ڈی ایم سرنکوٹ سے ایپل کی کی کہ وہ خود اس مقام کا جائزہ لیکر اس ڈنگے کی مرمت کروائیں اور امکانی نقصان سے لوگوں کو بچایاجائے ۔