کابل //افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیا میں جمعہ کے روز ہونے والی جھڑپوں میں 17جنگجو ہلاک اور 12دیگر زخمی ہوگئے ۔ یہ اطلاع افغان وزارت داخلہ نے آج دی ہے ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی دیر رات کو درجنوں کی تعداد میں طالبان جنگجو سر روضہ علاقے میں واقع سکیورٹی چیک پوائنٹ میں داخل ہوگئے ، جس کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرکے انہیں کھدیڑ دیا۔ اس جھڑپ میں 17 جنگجو ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوگئے ۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ تقریبا ایک گھنٹہ چلنے والی جھڑپ میں جنگجوؤں سے 22 موٹر سائیکل ضبط کی گئی ہیں اور گولہ بارود بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ بیان میں وزارت داخلہ نے طالبان کے ساتھ جھڑپوں میں ایک پولیس اہلکار کی موت اور دو دیگر اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے ۔ فی الحال، اس پر طالبان کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔