افغانستان میں سیلاب سے تباہی ۔4 خواتین اور بچہ سیلابی ریلے میں بہہ گئے

کابل// افغانستان کے صوبہ غور میں 4 خواتین اور ایک بچہ سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبے غور کے شہر فیروزکوہ میں مسلسل ہونے والی بارشوں کے باعث دریاوں میں طغیانی آگئی اور سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر شے کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔سیلاب میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 4 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے جب کہ 4 ہزار افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے جنھیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ موسم کی خرابی اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ افغانستان میں طالبان حکومت کے 2021 میں قائم ہونے کے بعد سے مرکزی بینک اور عالمی فنڈز منجمد ہیں جس کی وجہ سے حکومت کو ریلیف آپریشن میں فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔ادھرانڈونیشیا کے مشرقی صوبے مالوکو میں بدھ کی شام زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.2 تھی تاہم سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ موسمیات اور جیو فزکس ایجنسی نے یہ اطلاع دی۔