یو این آئی
کابل// افغانستان میں گزشتہ روز آنے والے 6.2 شدت کے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعدد ڈھائی ہزار کے قریب پہنچ گئی۔طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 468 سے تجاوز کرگئی جبکہ اموات میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔زلزلے سے درجنوں عمارتیں اور مکانات منہدم ہوگئے تھے اور امدادی کاموں کے درمیان ملبے تلے دبے افراد کی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔
زلزلے کے باعث نیٹ ورک کنکشنز کو بھی نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ علاقوں میں موجود لوگوں سے رابطہ نہیں ہورہا ہے۔امارات اسلامیہ حکومت کے ترجمان کے مطابق اسپتالوں میں 1240 زخمی زیر علاج ہیں جبکہ 1 ہزار 320 مکان مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے حکام نے کہا ہے کہ افغانستان کے صوبے ہرات میں آنے والے زلزلے سے 4200 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 2100 سے زائد بے گھر ہوئے ہیں۔