افسرشاہی لوگوں کیلئے وبال جان بجلی فیس میں اضافہ عوام دشمنی کابرملاثبوت:نیشنل کانفرنس

سرینگر// جموںو کشمیر کے لوگوں کا کوئی پُرسانِ حال نہیں، زمینی سطح پر انتظامیہ یا حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، حکمران صرف کاغذی گھوڑے دوڑانے میں مصروف ہیں جبکہ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاگیا ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی صدر شمیمہ فردوس نے ونگ کے صوبائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمیمہ فردوس نے کہاکہ بجلی فیس میں بے تحاشہ اضافے کے باوجود بدترین سپلائی پوزیشن جاری ہے، بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگ پریشانِ حال ہیں۔ بجلی فیس میں اضافے کے حکومتی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر کے عام لوگ مسلسل بے چینی ،غیر یقینیت اور کووڈ بحران سے پیدا شدہ صورتحال سے اقتصادی بدحالی کے شکار ہوگئے ہیں اور حکومت نے بجلی فیس میں اضافہ کرکے اپنی عوام دشمنی کا برملا ثبوت پیش کردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات غریب عوام کا خون چوسنے کے مترادف ہیں ۔ ایک ایسے وقت میں جب عوام کی راحت کیلئے ایک مالی پیکیج ضرورت تھی یہاں اُلٹا ایسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن سے لوگوں پر اضافی بوجھ پڑرہاہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی فیس کے ساتھ ساتھ گذشتہ برسوں کے د وران پینے کے پانی کی فیس میں بھی بے تحاشہ اضافہ کیا گیا لیکن ہر سو پینے کے پانی پانی کی ہاہاکار ہے۔ راشن گھاٹوں پر غیر معیاری چاول سے لوگ تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسر شاہی لوگوں کیلئے وبال جان بن گئی ہے۔ بے روزگاری نے تمام ریکارڈ مات کردیئے ہیں، نوجوان پود مایوسی اور نااُمیدی کے بھنور میں دھنس رہی ہے۔