عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر بی جے پی کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے بی جے پی آفس بانڈی پورہ میں ضلعی عہدیداروں، حلقہ کے صدور اور مورچہ کے صدور کے ساتھ ایک تنظیمی میٹنگ کی صدارت کی۔ کول نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے جاری پروگراموں کو تیز کرنے اور تمام سطحوں پر ان کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ پارٹی کو پورے ضلع میں بوتھ کی سطح پر اپنی تنظیمی بنیاد کو مضبوط بنانے پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ بوتھ سطح کے کارکن پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے نچلی سطح کے خدشات کو مؤثر طریقے سے سمجھنے اور ان سے نمٹنے کے لیے پارٹی رہنماؤں اور عوام کے درمیان بہتر رابطے کی ضرورت پر مزید روشنی ڈالی۔اشوک کول نے لیڈروں سے کہا کہ وہ لوگوں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنے، پارٹی کے نظریے کے بارے میں بیداری پھیلانے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کی طرف سے شروع کی گئی مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کے بارے میں شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے عوام کے درمیان فعال طور پر پارٹی پروگراموں کا اہتمام کریں۔