‘اسمتھ کو ایسے ہی ٹریک پسند ہیں | ‘ آسٹریلیا نے پھر کھیلا مائنڈ گیم، الجھن میں روہت شرما!

نئی دہلی //ناگپور ٹیسٹ کی پچ کو لے کر تنازع گہرا ہوتا جارہا ہے ۔ کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ راہل دراوڑ پہلے ہی اس پچ کو لے کر اپنی ناراضگی ظاہر کرچکے ہیں۔ اسی درمیان آگ میں گھی ڈالنے کا کام کنگارو ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کردیا ہے ۔ ہندوستان کے خلاف مائنڈ گیم کھیلتے ہوئے پیٹ کمنز نے روہت شرما کو پھنسانے کی کوشش کی ۔ کمنز نے ہندوستان کی پریشانی کو بڑھاتے ہوئے کہا کہ انہیں اسی طرح کی پچ کی ضرورت تھی، جو ناگپور میں دی جارہی ہے ۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پیٹ کمنز کی کپتانی والی آسٹریلیائی ٹیم ہندوستان کے دورے پر آئی ہے ۔ روہت شرما اینڈ کمپنی کیلئے اس سیریز کو جیتنا کافی اہم ہے ۔ ہندوستان کو ہر حال میں کم از کم آسٹریلیا کو تین ۔ ایک سے مات دینی ہوگی ۔ اگر ٹیم انڈیا ایسا کرنے میں ناکام رہتی ہے تو پھر اس کا ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں پہنچنا دیگر ٹیموں کی کارکردگی پر منحصر ہوگا ۔ دوسری طرف آسٹریلیائی ٹیم ہے، جس کیلے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں پہنچنا تقریبا طے مانا جارہا ہے ۔