عظمیٰ نیوزسروس
حیدرآباد// حیدرآبادثقافتی سرگرمی مرکز، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام استقبال رمضان کے تحت حمد و نعت، قرأت قرآن اور جسٹ اے منٹ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈین بہبودی طلبہ پروفیسر سید علیم اشرف جائسی نے اس کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’طلبہ کو اپنے نصاب کے ساتھ ساتھ دیگر ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ اپنے ملک، معاشرے اور مذہب کی بنیادی باتیں جاننا بھی اشد ضروری ہے۔ رمضان المبارک میں روزے اور نماز کے ساتھ ساتھ اس کے مقاصد اور فوائد سے بھی واقفیت ضروری ہے۔ ‘‘
ان مقابلوں میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے 70 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ جسٹ اے منٹ مقابلے میں مظہر عالم، محمد فیصل، شاہانہ شیرین نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔ اس کے علاوہ ابو خالد کو ترغیبی انعام سے نوازا گیا۔ حمد و نعت کے مقابلے میں احمد صادق، فراز عالم، عابد انور نے بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔ اسی طرح قرأت کے مقابلے میں احمد صادق، صنوبر ریاض اور ممتاز حسنیٰ نے پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔ اس مقابلے میں محد عامر اور محمد فارس کو ترغیبی انعام دیا گیا۔قرأتِ قرآن کے مقابلے میں پروفیسر شمس الہدیٰ دریابادی، صدر شعبۂ اردو اور ڈاکٹر عاطف عمران، استاد شعبۂ اسلامیات نے جج کے فرائض انجام دیے۔ ڈاکٹر طلحہ فرحان، اسسٹنٹ پروفیسر عربی، ڈاکٹر اسلم پرویز مترجم ، نظامت ترجمہ و اشاعت، ڈاکٹر مفتی محمد سراج الدین، اسسٹنٹ پروفیسر اسلامیات اور ڈاکٹر افشاں کریم اسسٹنٹ پروفیسر، تعلیم و تربیت حمدو نعت کے مقابلے کے جج تھے۔ ڈاکٹر محمد امتیاز عالم ریسرچ آفیسر، آئی ایم سی اور ڈاکٹر عرفان عالم، اسسٹنٹ پروفیسر اسلامیات نے جسٹ اے منٹ مقابلے میں جج کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے کلچرل کوآرڈنیٹر جناب معراج احمد، یونیورسٹی لٹریری کلب کے صدر ڈاکٹر فیروز عالم اور یونیورسٹی میوزک کلب کے صدر ڈاکٹر شیخ وسیم اور تمام کلبوں کے سکریٹری اور ارکان بھی موجود تھے۔