بیونس آئرس/ارجنٹینا میں کار ریس کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں ایک تماشائی ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے ۔ انٹرنیشنل آٹوموبائل فیڈریشن ایف آئی اے کے مطابق یہ واقعہ ریلی سوڈامیریکانو مینا کلیورو کے دوسرے مرحلے کے دوران پیش آیا۔رپورٹس کے مطابق ریس کے دوران ایک گاڑی کنارے سے ٹکرا کر بے قابو ہو گئی اور الٹتے ہوئے تماشائیوں کے حصے میں جا پہنچی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے ۔واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی تیزی سے کنٹرول کھو بیٹھتی ہے اور حفاظتی حدود عبور کرتے ہوئے ہجوم کی جانب بڑھ جاتی ہے ۔حیران کن طور پر ڈرائیور ڈیڈیئر آریاس اور ان کے شریک ڈرائیور ہیکٹر نونیز اس حادثے میں محفوظ رہے اور انہیں کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔ایف آئی اے نے اپنے بیان میں واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ منتظمین اور مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔یاد رہے کہ یہ حادثہ ایک اور افسوسناک واقعے کے صرف ایک روز بعد پیش آیا، جس میں جوہا میٹینن ‘اے ڈی اے سی 24 ایچ نربرگرنگ کے کوالیفائرز کے دوران جان کی بازی ہار گئے تھے ۔