سمت بھارگو +عاصف بٹ
جموں+کشتواڑ // ادھم پور ضلع کے مجالٹہ علاقے میں منگل کو ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم ہوا۔پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی فورسزنے ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مخصوص اطلاعات کے بعد علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔آپریشن کے دوران ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی جس کے بعد تصادم شروع ہوگیا۔پولیس نے کہا کہ علاقے میں اضافی کمک روانہ کردی گئی ہے اور آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ تین ملی ٹینٹوں کی موجودگی کا خدشہ ہے جن کیساتھ تقریباً ایک گھنٹے تک فائرنگ ہوتی رہی لیکن اسکے بعد علاقے میں مکمل خاموشی ہے اور تلاشی کارروائی کو بھی کل صبح تک روک دیا گیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسی علاقے مجالٹہ میں23جنوری کو بھی ملی ٹینٹوں کیساتھ سیکورٹی فورسز کا آمنا سامنا ہوا تھا اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملی ٹینٹ فرار ہوئے تھے۔دریں اثنا فوج نے کہا کہ بسنت گڑھ کے عام علاقے میں “انٹیلی جنس پر مبنی مشترکہ آپریشن میں شام تقریباً 4 بجے سی آئی ایف ڈیلٹا، وائٹ نائٹ کور، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے دستوں نے ملی ٹینٹوں سے رابطہ قائم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محاصرہ کر لیا گیا ہے اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ادھر چھاترو میں منگل کے روز 17ویں دن بھی تلاشزی کارروائی جارہی رہی۔ ڈولگام علاقے کیساتھ ساتھ لگنے والے دو تحاصل چھاترو اورمغل میدان میں موبائل انٹر نیٹ معطل ہے۔ جبکہ اس کا دائرہ مزید تین بلاکوں سگدی، کچھہال،، سنگھپورہ اورچنگام تک بڑھایا گیا ہے۔پچھلے تین روز سے اس علاقے میں مزید فائرنگ ہونے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔