یواین آئی
نئی دہلی/ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے دی ہنڈریڈ کے آئندہ سیزن کے لیے سن رائزرز لیڈز کے ایک فیصلے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ سن رائزرز نے پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے ، جس پر گواسکر کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹر پر لگایا گیا پیسہ “بالواسطہ طور پر ہندوستانی جوانوں اور عام شہریوں کی جان لینے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔”
ہیڈنگلے کی اس فرنچائز کی ملکیت ‘سن گروپ’ کے پاس ہے ، جو آئی پی ایل میں سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیم بھی چلاتا ہے ۔ اس ٹیم کو پہلے ‘ناردرن سپر چارجرز’ کے نام سے جانا جاتا تھا۔گزشتہ ہفتے ہونے والی نیلامی میں ابرار احمد کو تقریباً 2 کروڑ 34 لاکھ روپے کی خطیر رقم کے عوض سائن کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر سخت ردعمل دیکھنے کو ملا، خاص طور پر مئی 2025 میں ہونے والے چار روزہ فوجی تصادم کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید تلخی آئی ہے ۔