نئی دہلی // وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں آکسیجن ٹینکروں کی بلاتعطل نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لئے کہا ہے ، جس کے پیش نظر ایک ریاست سے دوسری ریاست جانے والے آکسیجن ٹینکروں کو اجازت سے مستثنیٰ کردیا گیا ہے ۔ مودی نے ملک میں کورونا کی وبا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے درمیان آکسیجن کی بڑھتی طلب کے پیش نظر جمعہ کو آکسیجن کی دستیابی کا جائزہ لینے کی ایک میٹنگ کی سربراہی کی۔وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستوں اور ٹرانسپورٹرز سے کہا گیا ہے کہ ٹینکر کو چوبیس گھنٹے چلایا جائے تاکہ ہر جگہ آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ اس بات کو ذہن میں رکھنے کے لئے کہا گیا ہے کہ ڈرائیوروں سے شفٹوں میں کام کرایا جائے تاکہ ان پر بوجھ نہ بڑھ جائے ۔ سلنڈر فلنگ پلانٹ میں بھی ضروری احتیاطی تدابیر کے ساتھ دن رات کام ہونا چاہئے ۔ حکومت طبی آکسیجن کے لئے صنعتی سلنڈر کے استعمال کی بھی اجازت دے رہی ہے ۔ اسی طرح آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے کے لئے نائٹروجن ٹینکروں کو بھی آکسیجن ٹینکروں میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ وزیر اعظم کو میڈیکل گریڈ آکسیجن درآمد کرنے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔جائزہ میٹنگ میں ، صحت ، روڈ ٹرانسپورٹ اور اسٹیل اور دیگر وزارتوں کے حکام سے بھی تجاویز لی گئیں۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ تمام متعلقہ وزارتوں اور ریاستی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی بہت ضروری ہے ۔وزیر اعظم نے آکسیجن کی فراہمی کی موجودہ صورتحال اور سب سے زیادہ متاثرہ 12 ریاستوں میں 15 دن کی ضرورت کا جائزہ لیا۔ ان ریاستوں میں مہاراشٹر ، مدھیہ پردیش ، گجرات ، اترپردیش ، دہلی ، چھتیس گڑھ ، کرناٹک ، کیرالہ ، تمل ناڈو ، پنجاب ، ہریانہ اور راجستھان شامل ہیں۔ وزیر اعظم کو ان تمام ریاستوں میں ضلعی وار آکسیجن کی فراہمی کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ریاستوں اور مرکزی حکومت کے مابین باقاعدہ رابطہ ہے اور 20 ، 25 اور 30 اپریل کے تخمینے کی بنیاد پر آکسیجن کی ضرورت کے تخمینے شیئر کئے گئے ہیں۔ ان کی بنیاد پر ، ان 12 ریاستوں کو بالترتیب 20 ، 25 اور 30 اپریل کے لئے 4880 ، 5619 اور 6593 ٹن گیس مختص کی گئی ۔ آکسیجن کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر انہیں ملک میں پیداواری صلاحیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ طبی استعمال کیلئے اسٹیل پلانٹوں میں اضافی آکسیجن کی فراہمی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ادھروزارت داخلہ نے ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام والے خطوں کی حکومتوں کو میڈیکل آکسیجن کی گاڑیوں کو بندشوں کے دوران آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنانے کیلئے کہا ہے۔مرکزی داخلہ سیکریٹری اجے بھلہ نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام والے علاقوں کے چیف سیکریٹریوں کے نام مکتوب روانہ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا میں مبتلا لوگوں کیلئے بلا خلل اور معقول میڈیکل آکسیجن لازمی ہے۔ بھلہ کا کہنا ہے کہ آکسیجن تیار کرنے میں کسی بھی قسم کی پابندی عائد نہ کی جائے،اور انہیں تاکید کی جائے کہ وہ صرف اپنے ریاستوں کے اسپتالوں کو آکسیجن سپلائی کریں۔