نئی دہلی//بھارتیہ کرکٹ کی تاریخ میں اس کااہم قومی مقابلہ رنجی ٹرافی کا گزشتہ 85 سالوں میں پہلی بار انعقاد نہیں ہوگا۔ رنجی کاآغاز 35-1934 میں ہواتھا اور اس کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب رنجی ٹرافی کا انعقادنہیں کیا جائے گا۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی) نے سید مشتاق علی ٹرافی ٹی-20 ٹورنامنٹ کا فائنل 31 جنوری کو مکمل ہوجانے کے بعد 50 اوور کے وجئے ہزارے ٹرافی ٹورنامنٹ اورخاتون ون ڈے ٹورنامنٹ کومنعقدکرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن بورڈ کو طویل فارمیٹ کی رنجی ٹرافی کے لئے ونڈونہیں مل پارہی ہے ۔ اس لئے اس نے اس سیشن میں رنجی کو نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گانگولی اس دوران رنجی ٹرافی کرانے کے حق میں ہیں لیکن بورڈ قومی ٹورنامنٹ کے لئے کوئی ونڈوتلاش نہیں کرپارہا ہے ۔ بی سی سی آئی کے لئے دومہینے کے وقت میں رنجی کرنا کافی مشکل ہے ۔ اس لئے وہ محدود اووروں کے ٹورنامنٹ کرانے کے حق میں ہے ۔ اپریل میں آئی پی ایل کے 14 ویں سیشن کا انعقادہونا ہے ۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے ریاستی یونینوں کو خط لکھ کر یہ تصدیق کی ہے کہ خاتون ون ڈے ٹورنامنٹ کاانعقاد وجئے ہزارے ٹرافی کے ساتھ ساتھ کیا جائے گا جبکہ وینو مانکڈ انڈر-19 ٹرافی کو بعد میں منعقدکیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے تفصیلی پروگرام پر کام جاری ہے ۔ بی سی سی آئی نے ریاستی انجمنوں سے رنجی ٹرافی کے طویل فارمیٹ اور وجئے ہزارے ٹرافی کے 50 اوور کے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے تجویز طلب کی تھی۔ سید مشتاق علی کا کورونا دور کے وقت میں کامیاب انعقاد ہواہے اور اب 31 جنوری کو اس کے فائنل کا انعقاد احمدآباد کے نوتعمیر شدہ سردار پٹیل اسٹیڈیم میں ہونا ہے ۔ بی سی سی آئی نے گھریلو سیشن کے آغاز کے لئے ریاستی انجمنوں سے تجاویزطلب کی تھیں اور سبھی ریاستی انجمنوں نے متفقہ طور پر تجویز دی تھی کہ پہلے مشتاق علی کا انعقادہو۔ بیشترریاستی ایسوسی ایشنز کا ماننا ہے کہ وجئے ہزارے کا انعقادکیاجائے کیونکہ محدود وقت میں طویل فارمیٹ کے رنجی کا انعقاد کرنا مشکل ہوگا۔ آئی پی ایل کے 14 ویں ایڈیشن کا انعقاد اپریل میں ہونا ہے اور اس دوران بی سی سی آئی کے پاس دوماہ کا وقت بچاہے جس میں وہ گھریلو ٹورنامنٹوں کا انعقادکرنا چاہتا ہے ۔ ریاستی یونینوں کو لکھے گئے اپنے خط میں ، شاہ نے لکھا ، "ہمارے لئے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ خواتین کرکٹ کا انعقاد بھی ہو۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ہم سینئر ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کو وجئے ہزارے ٹرافی کے ساتھ منعقد کرنے جارہے ہیں اور اس کے بعد وینومانکڈ انڈر 19 ٹرافی کا انعقاد کیا جائے گا۔ آپ سے ملے جوابات کی بنیاد پر ہم نے یہ فیصلہ کیا۔ " انہوں نے ریاستی یونینوں اور بی سی سی آئی کے اسٹاف کا سید مشتاق علی ٹرافی کے کامیاب انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ مشتاق علی سے پہلے بی سی سی آئی نے متحدہ عرب امارات میں آئی پی ایل کا کامیاب انعقادکیا تھا۔ شاہ نے کہا ، "میں آپ سب کے تعاون کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ مشتاق علی ٹورنامنٹ کے دوران ہمیں لیول کی کرکٹ دیکھنے کو ملا اور کچھ نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اب ہمیں دلچسپ اور شاندار فائنل کا انتظارہے ۔ بڑودہ اورتمل ناڈو کے درمیان اتوار کو مشتاق علی ٹرافی کے خطاب کے لئے مقابلہ ہوگا۔ نوتعمیر شدہ سردارپٹیل اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے سیمی فائنل میچوں میں بڑودہ نے پنجاب کو 25 رنوں سے اورتمل ناڈو نے راجستھان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔یواین آئی