نئی دہلی // ملک میں جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ 19) کے کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس کے 60 ہزار،471 نئے کیسز درج ہوئے ہیں ، جو گزشتہ 75 دنوں میں سب سے کم ہے۔اس دوران 2726ہلاکتیں ہوئیں۔ دریں اثناء پیر کو ملک میں 39 لاکھ 27 ہزار 154 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے ملک میں اب تک 25 کروڑ 90 لاکھ 44 ہزار 72 افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 95 لاکھ 70 ہزار 881 ہوگئی۔ اس دوران ایک لاکھ 17 ہزار 525 مریض صحت مند ہوئے جس سے ملک میں اب تک شفایاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد دو کروڑ 82 لاکھ 80 ہزار 472 ہوگئی ہے۔ ایکٹیو کیسز59 ہزار 980 سے گھٹ کر مجموعی تعداد نو لاکھ 33 ہزار 378 رہ گئی ہے۔