عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کائونٹر انٹیلی جنس کشمیر(سی آئی کے)نے منگل کو سماجی سرگرمی کی آڑ میں کام کرنے والے ملی ٹینسی سے منسلک نیٹ ورک کے خلاف ایک بڑا کریک ڈان شروع کیا، وادی کے متعدد اضلاع میں مربوط تلاشی لیکر پوچھ گچھ کے لیے 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کیخلاف (CIK) نے کشمیر کے متعدد اضلاع میں مربوط تلاشی لی۔یہ تلاشیاں ایف آئی آر نمبر 03/2023 کے سلسلے میں کی گئیں، جو سیکشن 505 اور 153-A IPC اور غیر قانونی سرگرمیاں(روک تھام) ایکٹ کی دفعہ 13 اور 18 کے تحت پولیس اسٹیشن سی آئی کے سرینگر میں درج کی گئی تھی۔ یہ کارروائی این آئی اے ایکٹ، کے تحت نامزد خصوصی جج کی معزز عدالت کی طرف سے جاری کردہ سرچ وارنٹ کے ذریعے مناسب اجازت حاصل کرنے کے بعد کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ سی آئی کے اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے سرینگر کے مضافات میں شالیمار کے پزوال پورہ میں چھاپہ مارا۔ آپریشن کے دوران ایک خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔ تلاشی کے دوران گھر سے ایک اینڈرائیڈ موبائل فون ضبط کیا گیا۔سرینگر کے بمنہ علاقے توحید آباد میں ایک اور کارروائی میں پوچھ گچھ کے لیے ایک شخص کو حراست میں لیا گیا۔ڈل حسن یارحبہ کدل میں ایک چھاپہ مارا گیا، جہاں ایک شخص کو پوچھ گچھ کے لیے لے جایا گیا۔ سی آئی کے کی ٹیم نے مقدم محلہ، حبک علاقہ حضرت بل میں بھی چھاپہ مارا۔وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں، سی آئی کے نے پنزی پورہ، چاڈورہ میں ایک خاتون کے گھر پر چھاپہ مارا۔ حکام نے بتایا کہ خاتون اور اس کے والد کو مزید تفتیش کے لیے پولیس سٹیشن لے جایا گیا ہے۔اس کے علاوہ ولرہامہ سری گفوارہ میں چھاپے کے دوران مکان کے مالک سے ایک لیپ ٹاپ اور ایک موبائل فون ضبط کیاگیا۔ آپریشن کا اختتام اس کے گھر کے مالک کی گرفتاری اور ریڈمی موبائل فون اور ایک لیپ ٹاپ کی برآمدگی کے ساتھ ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر میں کچھ افراد ماس میڈیا، سوشل میڈیا، انسانی حقوق کی وکالت، ماحولیاتی وجوہات اور خواتین کو بااختیار بنانے سے منسلک پلیٹ فارمز کا استحصال کر رہے ہیں تاکہ ایسی سرگرمیوں کو انجام دیا جا سکے جو بھارت کی خودمختاری، سالمیت اور سلامتی کے لیے انتہائی منفی ہیں۔ صوابدیدی تصدیق نے مزید انکشاف کیا کہ علیحدگی پسند گروپوں اور کالعدم تنظیموں کے ساتھ ان کے مشتبہ روابط ہیں۔