عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے وادیٔ کشمیر کے سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر، نصیر احمد وانی کے مطابق تعطیلات 6 جولائی پیر سے 19 جولائی 2026 تک رہیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وانی نے کہا ’’میری تجویز کو حکومت نے منظور کر لیا ہے”- انہوں نے تصدیق کی کہ کشمیر کے تمام سرکاری اور تسلیم شدہ نجی سکول مذکورہ مدت کے دوران جاری گرمی کی لہر کے پیش نظر بند رہیں گے۔
یہ فیصلہ وادی میں بڑھتے ہوئے درجۂ حرارت کے پس منظر میں لیا گیا ہے اور والدین سمیت مختلف حلقوں کی جانب سے طلبہ کی صحت اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے گرمیوں کی تعطیلات قبل از وقت دینے کے مطالبات کے بعد سامنے آیا ہے۔
ناظم تعلیم کشمیر نصیر احمد وانی کی جانب سے منگل کی دیر شام کو ہی باضابطہ حکم نامہ جاری کیا گیا جس میں تعطیلات کے نفاذ اور سکولوں کے دوبارہ کھلنے کی تاریخ سے متعلق تفصیلات درج ہیں ۔
حکومتی سطح پر مزید کسی تبدیلی کے اعلان کے بغیر سکول 20 جولائی 2026 کو دوبارہ کھلیں گے-