مشتاق الاسلام
پلوامہ //شوپیان کی مقامی عدالت نے پانچ لاکھ روپے کے چیک بانس کیس میں ایک اہم اور سخت فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو قصوروار قرار دے دیا۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ شوپیان کی عدالت نے 17 دسمبر کو شہنواز احمد بٹ بنام بشیر احمد بٹ کیس میں ملزم کو ایک سال قیدِ سادہ کے ساتھ شکایت کنندہ کو مکمل مالی معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔عدالتی فیصلے کے مطابق شکایت کنندہ شہنواز احمد بٹ نے اپنا موقف اختیار کیا کہ ملزم بشیر احمد بٹ، ساکن بونگام شوپیان،نے ستمبر 2018 میں مشترکہ کاروباری سرگرمیوں کے سلسلے میں پانچ لاکھ روپے کا چیک جاری کیا تھا۔ یہ چیک جے اینڈ کے بینک ایچ آر شوپیان برانچ میں جمع کرایا گیا، تاہم اکانٹ میں ناکافی رقم کے باعث مسترد کر دیا گیا۔ بعد ازاں شکایت کنندہ کی جانب سے قانونی نوٹس بھی ارسال کیا گیا، جس کی باقاعدہ تعمیل عدالت میں ثابت ہوئی۔ مفصل سماعت اور گواہوں کے بیانات کے بعد عدالت نے قرار دیا کہ نیگوشی ایبل انسٹرومنٹس ایکٹ کی دفعہ 138 کے تحت تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ ملزم نہ تو اپنی قانونی ذمہ داری سے انکار ثابت کر سکا اور نہ ہی چیک کے گم یا غلط استعمال ہونے کا دعوی درست ثابت ہوا۔عدالت نے ملزم کو ایک سال قیدِ سادہ، دس ہزار روپے جرمانہ، پانچ لاکھ روپے بمعہ چھ فیصد سود اور پچاس ہزار روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ملزم کو فوری طور پر تحویل میں لے کر ضلع جیل پلوامہ منتقل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔