۔5ویں سے 8ویں تک ریڈیو کلاسز آج سے مختلف اوقات میں دیئے جائیں گے

 سرینگر// کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں درس و تدریس بند ہونے کا ازالہ کرنے کیلئے محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ بدھ 26مئی سے 5 ویں جماعت سے 8 ویں جماعت تک ریڈیو کلاسوں کا آغاز کیا جائیگا۔ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر تصدق حسین میر نے کہا ہے کہ محکمہ نے 26 مئی سے آل انڈیا ریڈیو سرینگر سے ریڈیو کلاسز نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کوویڈ 19 کے باعث اسکولوں کی بندش کے پیش نظر گذشتہ کئی ہفتوں سے طلبا کو ہونے والے تعلیمی نقصانات کی تلافی کرنا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ایک بیان میں ریڈیو کلاسوں کے اوقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹھویں جماعت کے لئے لیکچرس بدھ کی صبح دس بجے سے ساڑھے دس بجے ،جبکہ7ویں جماعت کے طلاب کیلئے ساڑھے گیارہ بجے سے دوپہر بارہ بجے ،چھٹی جماعت کیلئے 12 بجے سے ساڑھے12بجے اور5ویں جماعت کیلئے دن ساڑھے3بجے سے لیکر4بجے تک ہونگے۔ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن  نے  تمام متعلقین سے تعاون طلب کیا ہے تاکہ طلباء کے بہتر مفادات میں کلاسوں کے کامیاب انعقاد کے لئے مربوط کوششیں کی جاسکیں ۔محکمہ کے فیلڈ افسران کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اس اقدام کے ذریعے طلبا کی زیادہ سے زیادہ کوریج کو یقینی بنانے کے لئے نشریات کو وسیع تر تشہیر کریں۔یکم جون 2021  سے ڈی ڈی کے، ڈی ڈی گیان کے ذریعہ نو یںجماعت سے بارہویں کلاس تک ٹیلی کلاسز شروع کرنے کی تجویز ہے۔