۔5نئے میڈیکل کالجوں اور ضلع اسپتالوں کیلئے 39 میڈیکل نشستوں کی منظوری

 سرینگر //نیشنل بورڈ آف ایگزامنیشن ان میڈیکل سائنسز نے جموں و کشمیر کے میڈیکل کالجوں اور ضلع اسپتالوں کیلئے مزید 39سیٹوں کی منظوری دی ہے جن میں 17ڈی این بی اور 22ڈپلوامہ سیٹیں شامل ہیں۔ 39مزید سیٹوں کی منظور ی کے بعد جموں و کشمیر میں پوسٹ گریجویٹ سیٹوں کی تعداد 124ہوگئی ہے جن میں 102ڈی این بی اور 22ڈپلومہ سیٹیں شامل ہیں۔یہ جموں و کشمیر میں مختلف طبی کالجوں اور ضلع اسپتالوں میں جاری ڈی ایم/ایم سی ایچ اور ڈی ایم/ایم ایس کے علاوہ ہیں۔ضلع اسپتال کولگام کو جنرل میڈیسن میں منظوری مل گئی ہے اور اسپتال کو نیشنل بورڈ نے ڈپلومہ کیلئے 2سیٹیں فراہم کی ہیں ۔اس طرح یہ اسپتال تیسرا ضلع اسپتال بن گیا ہے جہاں ڈی این بی کورسز چلائے جارہے ہیں۔ جموں و کشمیر میں ضلع اسپتالوں کو فراہم کی گئی سیٹوں کی تعداد 10ہوگئی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل گاندھی نگر جموں کو  انستھیسیا( Anesthesia)میں 6جبکہ جواہر لال نہرو میموریل اسپتال رعنا واری کو میڈیسن کیلئے 2 سیٹیں فراہم کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن یاسین چودھری نے بتایا کہ مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر میں ڈی این بی پروگرام شروع کرنے کیلئے 144طبی اداروں نے درخواستیں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتک 53اداروں میں 124سیٹوں کو محکمہ صحت و طبی تعلیم ، نیشنل ہیلتھ مشن اورمتعلقین کی ٹیم نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشنوویک بھاردواج کی سربراہی میں انتھک محنت سے منظوری حاصل کی ہے۔ نئے قائم کئے گئے میڈیکل کالجوں کو 33سیٹیں( 11ڈی این بی اور 22ڈپلوامہ )سیٹیوں کو منظوری دی گئی ہے ۔ جی ایم سی باہمولہ کو جنرل میڈیسن میں5ڈی این بی اور مختلف شعبہ جات میں22ایم بی بی ایس ڈپلومہ سیٹیں فراہم کی گئی ہیں جن میںشعبہ فیملی میڈیسن میں 4، انستھیسیا میں 4، شعبہ اطفال میں 4، شعبہ موٹاپا اور زچگی میں 4، ای این ٹی میں 3 اور شعبہ امراض چشم میں 3سیٹیں شامل ہیں جبکہ جی ایم سی اننت  ناگ کو جنرل سرجری میں 2سیٹیں، جی ایم سی کٹھوعہ کو شعبہ اناٹومی میں 2سیٹیں، جی ایم سی راجوری میں جنرل میڈیسن میں 2سیٹیں شامل ہیں۔ اس طرح نئے 5میڈیکل کالجوں میں منظور شدہ سیٹوں کی تعداد 59ہوگئی ہے جن میں 37ڈی این بی اور22ڈپلوامہ سیٹیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جی ایم سی سرینگر کو شعبہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں 2ڈی این بی اور جی ایم سی جموں کو  شعبہ نیورولاجی میں ڈی این بی کی 2سیٹیں دی گئی ہیں۔