گاندربل//پولیس نے بڈگام اور گاندربل کے چار نوجوانوں کو جنگجوصفوں میں شامل ہونے سے بچانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مناسب صلاح اورنصیحت کے بعد والدین کے سپرد کیا جائے گا۔اطلاعات کے مطابق بڈگام پولیس کواطلاع موصول ہوئی کہ دونوجوان لڑکے 14مارچ سے اپنے گھروں سے لاپتہ ہوگئے ہیں ۔پولیس نے ٹیم تشکیل دے کر ان دونوں لڑکوں کو اونتی پورہ ترال سے بازیاب کیا۔دونوں لڑکوں جوابھی بیس سال سے کم عمر کے ہیں،نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پرجنگجوصفوں میں شمولیت کرنے کیلئے آمادہ ہوگئے تھے ۔انہیں سوشل میڈیاکے ذریعے پاکستانی آقائوں نے اس کیلئے اُکسایا تھا۔ دونوں نوجوانوں کو والدین کی موجودگی میں نصیحت کی گئی اور ان کے سپردکیاگیا۔اس دوران گاندربل میں بھی پولیس نے بٹہ وینہ اور کھرہامہ کے دونوجوانوں کو جنگجو صفوں میں شامل ہونے سے روکاجواپنے گھروں کوچھوڑ کرجنگجو صفوں میں شامل ہونے کیلئے نکلے تھے۔وہ ابتدائی طور شوپیان گئے تھے ۔جب وہ کرن نگر بٹہ مالو چوک پہنچے توپولیس نے انہیں پکڑ لیا۔دونوں نوجوانوں نے پولیس کو بتایا کہ انہیں سوشل میڈیا پرپاکستان میں مقیم جنگجوئوں نے جنگجوصفوں میں شامل ہونے کیلئے اکسایا تھااورانہیں شوپیان میں زمینی سطح پر کام کرنے والوں سے رابطہ بنانے کو کہاتھا۔پولیس کے مطابق دونوں لڑکوں کو نصیحت کے بعد والدین کے حوالے کیا جائے گا۔اس دوران ان لڑکوں کے کنبے والوں نے انہیں بازیاب کرنے کیلئے پولیس کی کوششوں کی ستائش کی۔