سرنکوٹ// نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے آرٹیکل 35اے کے ساتھ چھیڑ خوانی کو دفعہ 370کو کمزور بنانے کی ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر ایسا ہوگیاتو پھر ریاست میں بیروزگاری کی شرح میں مزید اضافہ ہوجائے گا اور بیرون ریاست کے نوجوان یہاں آکر نوکریاں حاصل کریںگے ۔ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ جب دفعہ 370 ریاست سے ختم ہو جائے گا تو اس وقت دہلی ،بنگلور،بمبئی، آسام اور دیگر ریاستوں کے لوگ آکر یہاں پر نوکریاں حاصل کریں گے۔انہوںنے کہاکہ اس کا سب سے زیادہ نقصان جموں والوں کو ہوگا جہاں زمینیں باہر کے لوگ خرید لیںگے اور کاروبار بھی انہی کے ہاتھ میں چلاجائے گا۔بخاری کاکہناتھاکہ جس طرح جی ایس ٹی کے نفاذ سے پہلے جموں کے لوگوں نے اس کی مخالفت کی اور اب انہیں اس کے نقصانات کا اندازہ ہونے لگایاہے اسی طرح سے انہیں اس دفعہ کی تنسیخ کے بعد بھی نقصان برداشت کرنے کیلئے تیار رہناہوگا۔انہوںنے کہاکہ اس سے ریاست کا مرکز کے ساتھ الحاق بھی ٹوٹنے کا خطرہ پیدا ہوجائے گاکیونکہ اس الحاق کی بنیاد ہی یہ دفعہ ہے ۔انہوںنے کارکنان کو محنت سے کام کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ جماعت جموں کشمیر کے ہندو ،مسلم ،سکھ اورعیسائی کی نمائندہ جماعت ہے اور اس میں رنگ ونسل نہیںدیکھی جاتی ۔اس موقعہ پر بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے ۔