نئی دہلی//گذشتہ کل ایک ہم فیصلہ میں مدارس ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ 31غیر ملکیوں کے خلاف فارنر ایکٹ کے تحت قائم مقدمہ ختم کرکے انہیں جلد از جلد ان کے ملک روانہ کیاجائے کیونکہ یہ لوگ پہلے ہی بہت زیادہ پریشانی برداشت کرچکے ہیں،واپس اپنے ملک جانا ان کا حق ہے ۔ کورٹ نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ آئین ہند کے آرٹیکل 21کے تحت ان کی مزید قید کرونا وبا میں انہیں حاصل آزادی کی خلاف ورزی ہے ۔عدالت نے اپنے فیصلہ میں مزید کہا کہ میڈیکل ایمرجنسی میں کسی کو اس طرح جیل میں نہیں رکھا جاسکتالہٰذا نھیں جلداز جلد ان کے ممالک واپس بھیج دینا چاہئے ۔جسٹس جی آر سوامی ناتھ نے اپنے فیصلہ میں کہا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تو اچھا ہوا کہ عرض گذار وں کو کرونا پازیٹیو نہیں ہوا لیکن کیاپتہ انہیں کل ہوجائے جس کی وجہ سے ان کی جانیں خطرے میں پڑھ سکتی ہیں لہذا جب عرض گذار سفر کے اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہیں انہیں ان کے ممالک روانہ کردینا چاہئے ۔اس کے باوجود اگر انہیں جیل میں رکھا گیا تو وہ یہ غیر معقول، غیر ضروری اورغیر منصفانہ ہوگا۔