عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر پولیس نے شوپیان میں تین مبینہ اوور گرانڈ ورکرز کو پبلک سیفٹی ایکٹ کی دفعات کے تحت ضلع میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی مسلسل کوششوں کے تحت حراست میں لیا ہے۔حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت سیدھو کے اویس احمد لون، شاہ لوٹو کے معشوق احمد شاہ اور چیک چولند کے سبزار احمد گنائی کے طور پر کی گئی ہے ۔پولیس کے مطابق یہ افراد بار بار ریاست کی سلامتی کے لیے منفی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔ بھارتی شہری تحفظ سنہتا (BNSS) کی دفعہ 170/126 کے تحت ان کے خلاف شروع کی گئی احتیاطی کارروائیوں کے باوجود، وہ مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہے، جس سے امن اور امن عامہ کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔تمام قانونی ضابطوں کی تکمیل کے بعد ضلع مجسٹریٹ شوپیان سے نظر بندی کے احکامات حاصل کیے گئے۔ تینوں کو بعد میں حراست میں لے کر جموں کی سنٹرل جیل کوٹ بھلوال منتقل کر دیا گیا۔