سرینگر // جموں و کشمیر میں بدھ کو ایک اور شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے ۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4429تک پہنچ گئی ۔ اس دوران تشخیصی ٹیسٹوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کمی سے متاثرین کی تعداد میں بھی کمی آرہی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 36 ہزار 867ٹیسٹ کئے گئے جن میں 4 مسافروں سمیت مزید 78افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 31ہزار 299 تک پہنچ گئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 78افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں جموں میں 12جبکہ کشمیر سے 66تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 66افراد میں 3بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر لوٹے جبکہ 63مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 66افراد میں سب سے زیادہ48،بارہمولہ میں 5، بڈگام میں 9، کپوارہ میں 1، اننت ناگ میں 1، بانڈی پورہ میں 1، گاندربل میں 1، جبکہ پلوامہ ، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ وادی میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 7ہزار 84ہوگئی ہے۔ وادی میں ایک دن اموات کا سلسلہ تھمنے کے بعد بدھ کو ایک مرتبہ بھی ایک شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگیا ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد2254بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے 6اضلاع جن میں ادھمپور، راجوری، سانبہ، کشتواڑ،پونچھ اور رام بن میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ جموں صوبے کے دیگر 4اضلاع میں 12افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں ایک بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچا جبکہ دیگر 11افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے 12متاثرین میں جموں میں 8، ڈوڈہ میں 2، کٹھوعہ میں 1 جبکہ ریاسی میں ایک شخص وائرس سے متاثر ہوا ہے۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 24ہزار 215تک پہنچ گئی ہے۔ بدھ کو جموں صوبے میں ایک اور شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد75 21ہوگئی ہے۔