یو این آئی
نئی دہلی/ال 2025ء رخصت ہو رہا ہے ، مگر 2026 اپنے دامن میں ہندوستانی کھلاڑیوں اور شائقین کھیل کے لیے سنسنی خیز مقابلوں کا ایک طوفان لے کر آ رہا ہے ۔ کرکٹ کے ورلڈ کپ سے لے کر بیڈمنٹن کی عالمی چیمپئن شپ تک، ہندوستان اس سال دنیا کے نقشے پر کھیلوں کا مرکز بنا رہے گا۔سال کا آغاز ویمن پریمیئر لیگ کے رنگا رنگ مقابلوں سے ہوگا، جبکہ نئی دہلی میں انڈیا اوپن بیڈمنٹن سپر 750 میں دنیا کے بہترین شٹلرز اپنی مہارت دکھائیں گے ۔ اسی دوران ممبئی میراتھن اور چنئی، رانچی اور بھونیشور میں ہاکی انڈیا لیگ کے ذریعے ہاکی کا جادو سر چڑھ کر بولے گا۔فروری کا مہینہ ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ کا اہم ترین مہینہ ثابت ہو سکتا ہے ۔ ہندوستان اور سری لنکا مشترکہ طور پر آئی سی سی مردوں کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے ۔ بنگلور میں ڈیوس کپ کوالیفائرز اور چنئی میں ڈبلیو ٹی ٹی اسٹار کنٹینڈر کے مقابلے ہوں گے ۔ نئی دہلی میں ایشین چیمپئن شپ رائفل/پسٹل کے فوراً بعد پہلی ہندوستانی شوٹنگ لیگ کا انعقاد ہوگا۔مارچ میں دنیا کی مقبول ترین لیگ آئی پی ایل کا میلہ سجے گا جو مئی تک جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ اپریل میں احمد آباد ایشین ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔ یاد رہے کہ ہندوستان 1982ء کے بعد دوسری بار اس براعظمی مقابلے کی میزبانی کرنے جا رہا ہے ۔اگست میں نئی دہلی بیڈمنٹن ورلڈ چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گی، جو کہ اس کھیل کے معتبر ترین اعزازات میں سے ایک ہے ۔ اسی مہینے بھونیشور میں ‘ورلڈ ایتھلیٹکس کانٹی نینٹل ٹور کا سلور لیول مقابلہ ہوگا، جو ہندوستانی ایتھلیٹس کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔اکتوبر میں نیشنل اوپن ایتھلیٹکس اور گروگرام میں ویمن انڈین اوپن گولف ہوگا۔ نومبر میں لکھنؤ کا رخ سید مودی انڈیا انٹرنیشنل کی طرف ہوگا، جبکہ دسمبر میں گوہاٹی اور اوڈیشہ ماسٹرز کے ساتھ سال کا باقاعدہ اختتام ہوگا۔