یو این آئی
نئی دہلی//سرکاری سیکٹر کے بینکوں(پی ایس بیز)کی مستحکم کارکردگی مالی سال 26-2025میں بھی جاری رہی اور انہوں نے اثاثوں کے معیار میں بہتری کے ساتھ ریکارڈ منافع حاصل کیا ہے۔ وزارتِ خزانہ نے منگل کے روز بتایا کہ سرکاری بینکوں نے اس سال 31 مارچ کو ختم ہونے والے مالی سال میں مشترکہ طور پر 3.21لاکھ کروڑ روپے کا آپریٹنگ منافع کمایا۔ ان کا خالص منافع 1.98 لاکھ کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے، جو سالانہ بنیادوں پر 11.1فیصد زیادہ ہے۔ یہ مسلسل چوتھا سال ہے جب سرکاری شعبے کے بینکوں (پی ایس بی) نے مشترکہ طور پر خالص منافع حاصل کیا ہے۔
گزشتہ مالی سال کے دوران سرکاری بینکوں کا کل کاروبار 12.8 فیصد اضافے کے ساتھ 283.3 لاکھ کروڑ روپے ہو گیا۔ ان کے پاس جمع شدہ کل رقم(ڈپازٹس) 10.6فیصد سالانہ اضافے کے ساتھ 156.3لاکھ کروڑ روپے رہی، جبکہ ان کی طرف سے دیے گئے کل قرضے 15.7فیصد بڑھ کر 127لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔ وزارت نے کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار سرکاری بینکوں پر عوام کے اعتماد اور معیشت کے مختلف شعبوں میں قرضوں کی مسلسل مانگ کی عکاسی کرتے ہیں۔ریٹیل، زراعت اور ایم ایس ایم ای کے شعبوں میں قرضوں کی فراہمی میں بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھا گیا۔ ریٹیل قرضوں میں18.1فیصد، زرعی قرضوں میں 15.5 فیصد اور ایم ایس ایم ای قرضوں میں 18.2فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق، کل وصولی 86,971 کروڑ روپے رہی، جو بہتر ریکوری سسٹم اور سرکاری بینکوں میں بہتر قرضہ جاتی ڈسپلن کو ظاہر کرتی ہے۔