نئی دہلی/ دنیا کے بہترین بلے باز اور رن مشین سے معروف ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ 2014 کے دورہ انگلینڈ کی ناکامی نے انہیں مکمل طور پر توڑ دیا تھا لیکن انہوں نے اس مایوسی سے نجات حاصل کر کے اپنے کیریئر کو سنوارا۔وراٹ نے جمعرات کو انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن کے ساتھ انسٹاگرام پر بات چیت میں یہ انکشاف کیا۔ وراٹ نے 2014 کے دورہ انگلینڈ پر پانچ ٹیسٹ میچوں میں 134 رن بنائے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دورہ ان کے کیریئر کا بدترین دور تھا اور یہ ایسا اس لئے بھی تھا کیونکہ وہ ٹیم کو ترجیح دینے کی جگہ اپنی ذاتی کارکردگی کو بہتر بنانے میں زیادہ دھیان دے رہے تھے ۔ہندوستانی کپتان نے کہا کہ 2014 کا انگلینڈ دورہ میری زندگی کا بدترین دور تھا۔ یہ ایک ایسا وقت تھا جب آپ بطور بلے باز جانتے ہوں کہ آپ ناکام ہوں گے اور رن نہیں بنا پائیں گے ۔ وہ ایسا وقت تھا جب مجھے لگ رہا تھا کہ میں رنز نہیں بنا پا رہا ہوں۔ اس کے باوجود اگلی صبح اٹھ کر آپ کو کھیلنے جانا ہے اور پھر آؤٹ ہونا ہے ۔ یہ جانتے ہوئے کہ میں ناکام ہو جاؤں گا، اسی بات نے مجھے اندر تک توڑ دیا تھا۔ اس کے بعد میں نے خود سے وعدہ کیا کہ آگے سے میں ایسا نہیں ہونے دوں گا۔ وراٹ نے کہا کہ میں تمام نوجوان کرکٹروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ میں ذاتی طور پر اچھا مظاہرہ کرنے کے لئے پرعزم تھا۔ میں رن بنانا چاہتا تھا۔ مجھے اس صورت حال میں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ اس صورت حال میں ٹیم مجھ سے کیا کروانا چاہتی ہے ۔