سرینگر//انسدادرشوت ستانی ادارے ویجی لنس آرگنائزیشن نے شمسی لائٹنگ نظام کی خریداری میں بڑے پیمانے پر خرد برد کرنے کی پاداش میں جموں وکشمیرانرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔ جموں وکشمیر اکنامک ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شفاعت سلطان کو ویجی لینس تھانہ کشمیر میں درج ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر10/25 زیر دفعات 5(1) (D) r/w 5 (2)جموں کشمیر انسداد رشوت ستانی قانون اور 109، 120Bآر پی سی کے تحت حراست میں لیا گیا۔ ویجی لنس سربراہ منیر خان نے اس بات کی تصدیق کی کہ جموں کشمیر انرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو افسر کو تحقیقات کے دوران اضافی قیمتوں پر شمسی لائٹنگ کی خریداری کا مرتکب پانے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ ویجی لینس ذرائع نے بتایا کہ ایگزیکٹیو آفیسر نے مالی سال 2009-10کے دورا ن سولر ہوم لائنٹنگ سسٹم حاصل کرنے کے دوران اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر خزانہ عامرہ کو نقصان پہنچایا۔ تحقیقات کے دوران پایا گیا کہ مذکورہ سرکاری افسر نے 6ہزار872سولر ہوم لائٹنگ سسٹم ایک مخصوص نجی کمپنی بھارت الیکٹرانکس لمیٹیڈ سے حاصل کرنے کے دوران قیمتوں کے تعین میں ضوابطہ کو بالائے طاق رکھ کر خزانہ عامرہ کو چونا لگایا ۔ تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ مذکورہ سی ای او نے سولر ہوم لائٹنگ سسٹم کی قیمتوں کا تعین کرنے کیلئے صرف 5دن کا وقت لیا جبکہ ان لائٹس کی نئی قیمت ویب سائٹ پر دستیاب تھیں اور ان لائٹوں کو کم قیمتو ںپر بھی حاصل کیا جاسکتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 29جولائی 2009کو’’ ڈائریکٹر جنرل آف سپلائز اینڈ ڈسپوزل ڈفی نیشن ‘‘ ادارے کی طرف سے ویب سائٹ پر سولر ہوم لائٹنگ سسٹم کی ریٹ رکھی گئی تھیں اور اگر ان قیمتوں پر مذکورہ لائٹنگ سسٹم کو خریدا جاتا تو خزانہ عامرہ کو اتنے بڑے پیمانے پر نقصان نہ پہنچتا ۔ ویجی لینس ذرائع کے مطابق مذکورہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایک مخصوص نجی کمپنی بھارت الیکٹرانکس لمیٹنڈ سے جس قیمت میں 6ہزار 872سولر لائٹنگ سسٹم خریدے ، اس حساب سے ایک کروڑ 2لاکھ 59ہزار 896روپے خزانہ عامرہ سے نکالے گئے ۔ ویجی لینس ذرائع نے بتایا کہ اس وقت کے کمشنر سیکریٹری ڈاکٹر ارون کمار کو بھی ویجی لنس نے پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا ہے۔ ارون کمار اس وقت پرچیزنگ کمیٹی کے ممبر تھے جب سولر لائٹس خریدنے کیلئے آرڈر دیا گیا تھا۔