بھدرواہ
طاہر ندیم خان
بھدرواہ//بھدرواہ کے عوام نے دو مہینوںکے بعد اپنے علاقہ میں برفباری کامناظر دیکھ کت خوشی سے پھولے نہیں سمائے۔بھدرواہ علاقہ کے کیلاش پہاڑی سلسلے، پدری گلی، بھال پدری، بریڈ بالی،نیہد چلی اور آشا پاٹی گلیشر ،بھدرواہ قصبہ ،جائی گٹھی اور بھدرواہ کے ملحقہ علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ہے۔جہاں پر پیر کی صُبح سے ہی زراعت، باغبانی اور سیاحت سے وابستہ لوگ برفباری کو دیکھ کر خوشی سے جھوم اُٹھے وہیں صُبح کی سردی سے لوگوں کو مجبور ہو کر گرم کپڑے پہہنے پڑے اور بُخاریوں و غیرہ کا استعمال کرنا پڑا ،تاکہ لوگ اپنے آپ کو سردی سے محفوظ رکھ سکیں۔تازہ برفباری پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک مقامی کاروباریو سماجی کارکُن امتیاز اررحمان جگو نے کہا کہ یہ برفباری بھدرواہ کے لئے ایک نعمت ہے کیونکہ بھدرواہ کا سارا عوام یعنی کہ زراعت، باغبانی و سیاحت سے منسلک سارے لوگ براہ راست یا بلواسطہ اس سے جُڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے اللہ کا شُکر کیا کہ آخر کار خُشک سالی کا قہر دو مہنیوں کے بعد ٹوٹ گیا ۔ٹور ہائوس آپریٹرس اور گیسٹ ہائوس مالکان نے بھی اس برفباری پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ ٹور آپریٹر اور گیسٹ ہائوس مالک طارق چودھری نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ا س برفباری سے ہمارا کاروبار اچھا ہوگا کیونکہ پتنی ٹاپ کے مقابلہ میںبھدرواہ میں اچھی برفباری ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بین ریاستی بھدرواہ ۔چمبہ روڈ،اور چھتر گلہ اور گلداندنہ سیر گاہ پہلے ہی برف سے لدے ہوئے ہیں اور پیر کی برفباری سے اس میں اور بھی اضافہ ہوا ہے،جسکی ہمیں بے حد ضرورت محسوس ہو رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اس سے فائدہ اُٹھا نا چاہیے اور اس موقعہ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھا کر سیاحوں کو وادی بھدرواہ کی جانب راغب کرے۔ اطلاعات کے مطابق بھالہ، کوٹہ ٹاپ، مڑواہ، دچھن، کیشواں،گندو، بھلیسہ ،ملانو، بٹوٹ، گول ،بانہال، و وادی چناب کے دیگر علاقوں میں بھی تازہ برفباری ہوئی ہے۔تاہم محکمہ موسمیات نے منگل تک برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔
ڈوڈہ
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//ایک ماہ سے زائد عرصہ کے خشک موسم کے بعد لوگوں کو پیر کی صبح اْس وقت راحت ملی جب اْنہوں نے صبح زمین پر برف کی سفید چادر بچھی ہوئی دیکھی۔اتوار اور پیر کی درمیانی شب کے آخری پہر میں ہلکی بارش کے بعد صبح صادق کے وقت بالائی علاقوں میں برف باری شروع ہوئی جووقفے وقفے کے دن بھر جاری رہی جس وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آ کر سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔کنڈی علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوتی رہی۔موسمِ سرما کے دوران لمبے خشک موسم کی وجہ سے کی وجہ سے لوگوں میں جو تشویش پیدا ہوئی وہ کسی حد تک ختم ہوئی ہے۔پیر کے روز لوگ ایک دوسرے کو مبارک باد دیتے نظر آئے اور ہر انسان کے چہرے پر خوشی کے آثار صاف نظر آ رہے تھے۔برف باری نہ ہونے کی وجہ سے لوگ سخت پریشان تھے اور طرح طرح کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔خشک سردی اور گردو غبار سے مختلف قسم کی بیماریاں پھیل رہی تھیں، فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ تھا اور ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر موسم سرما کے دوران برف باری اور بارش نہ ہوئی تو نہ صرف قحط کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ پینے کے پانی کی شدید قلت بھی پیش آئے گی۔چنانچہ ہر نماز کے بعد اور ہر دینی مجلس میں برف باری اور بارش کی دْعائیں کی جاتی تھیں۔پیر کی صبح جب بارف باری کا سلسلہ جاری ہوا تو لوگوں نے کسی حد تک راحت کی سانس لی البتہ جتنی برف باری اور بارش ابھی تک ہو چکی ہے ماہرین اْسے تسلی بخش قرار نہیں دے رہے ہیں۔سب سے زیادہ خوشی محکمہ جنگلات کے اہلکاران کو ہوئی جو جنگلات میں آئے دن کی آگ کی وارداتوں سے تنگ آ چکے تھے اور آگ پر قابو پانے کے لئے اپنی جان جوکھم میں ڈالتے تھے اور جنہیں نہ دن کو سکون ملتا تھا اور نہ راتوں کو آرام۔برف باری کی وجہ سے پیر کے روز زیادہ تر لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دی اور بازاروں کی چہل پہل ماند رہی۔بیشتر دیہات کی بجلی گل ہو چکی ہے اور علاقائی سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل بند ہو چکی ہے تاہم اہم شاہرائوں پر گاڑیوں کی آواجاہی جاری ہے۔
کشتواڑ
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//وادی چناب کے بالائی علاقوں بشمول کشتواڑ ضلع میں پیر کی صُبح کو موسم کی پہلی برفباری درج کی گئی۔پوری وادی چناب میں اچانک درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ ہوئی جس کے بعد بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوا ۔ جہاںکشتواڑ کے نچلے علاقوں موسم کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی وہیں کشتواڑ ،ڈوڈہ اور رام بن اضلاع کے بالائی علاقوں میںکافی برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ضلع کشتواڑ کے دیگر علاقوں پاڈر، چھاترو، کیشواں، ٹھکرائی، مڑواہ، واڑون، دچھن ،ترہگام ،سروڑ، سرتھل اور بھدرواہ کے کیلاش کُنڈ ،پدری اور سونبائیں میں بھاری برف باری ہوئی ہے۔تاہم ، ڈوڈہ۔کشتواڑ۔بٹوت قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے کھلی رہی ۔
گندو
رفیع چودھری
ڈوڈہ/ /ڈوڈہ ضلع کے گندو، کاہرہ اور ٹھاٹھری علاقوں میں کافی دیر تک خشک سالی کے بعد تازہ برفباری درج کی گئی ۔اطلاعا ت کے مطابق کاہراہ، چلی، جکیاس، بونجواہ،کیتھر ،پتنازی،اور گندو کے ملحقہ علاقوں میںتازہ برفباری ہوئی ہے۔گندو کے پہاڑوں اور ڈوڈہ قصبہ میں بھی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔برفباری کی وجہ سے سردی کی لہر میں شدت کے پیش نظر لوگ گھروں میں ہی محصور رہے اور گرم ملبوسات اور بخاریوں کا استعمال شروع کر دیا ہے۔بالائی علاقوں میں برفباری سے د رجہ حرارت میں اچانک گراوٹ درج کی گئی،جس کی وجہ سے لوگ گرم ملبوسات ڈالنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
رام بن
ایم ایم پرویز
رام بن//جواہر ٹنل، پتنی ٹاپ ،گول، نیل، کھڑی اور دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری اور بارشوں کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔بانہال اور ام بن ۔اُکھرال اور کھاری تحصیلوں کا آمد و رفت برفباری کی وجہ سے مسدود ہوا ہے۔لوگوں نے اپنے آپ کو بے موسمی سردی سے محفوظ رکھنے کے لئے گرم کپڑی دوبارہ پہننے شروع کر دئے ہیں۔برفباری کی وجہ سیضلع کے مختلف علاقوں میں بجلی اور پانی کیک سپلائی تاثر ہوئی ہے۔
ضلع ریاسی
زاہد ملک
ریاسی//ضلع ریاسی کے بالائی علاقوں میں اس سال کی پہلی بھاری برف پڑی۔بڑی دیر سے خوش سالی کے بعد گزاشتہ روز سے بالائی علاقوں میں برفاری اور میدانی علاقوں میں بارش ہورہی ہے یہاں ایک طرف سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑی واہی دوسری طرف سے بھاری برف سے لوگ پریشان ہوگئے ہیں۔یہاں مہور کے جمسلان,، ٹھوئی,شکاری, ممنکوٹ ،من جیکوٹ، بگوداس، لمتکوٹ، بدر، شبراس، نہوچ،اڑبیس،دیول،کیدورہ،گلابگڑھ،برنسال،لار،کھوڑ،ٹکسن،شیدول،انگرالہ میں بھاری برفاری ہوئی اس کے علاوہ سب ڈویڑن درماڑی کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش ہورہی ہے واہی کٹرہ کے پہاڑوں پر برفباری ہوئی اور میدانی علاقوں میں بارش ہورہی ہے۔دریں اثنا مہور تا جموں،مہور تا گول،مہور تا گلابگڑھ اور مہور تا راجوری سڑک آج دن کو بند رہی تاہم آخری خبر ملنے تک بالائی علاقوں میں برفباری ہورہی ہے اور میدانی علاقوں میں بارش اور تمام سڑکیں بند تھی۔