سرینگر// کورونا وائرس پھیلائو میں گزشتہ 3 ہفتوں سے اضافے کے بیچ پیر کو چھٹی سے8ویں جماعت تک کے بچوں کیلئے اسکول کھل گئے۔والدین نے اسکول کھولنے پر متضاد تاثرات پیش کئے ہیں۔19ماہ کے طویل عرصے تک اسکول بند رہنے کے بعد پیر کو برستی بارشوں کے دوران مڈل کلاسز میں بچوں کی درس و تدریس کا کام شروع ہوا۔پہلے مرحلے میںمحکمہ سکول ایجوکیشن نے 9ویں سے 12ویں تک کے کلاسز شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔اب دوسرے مرحلے میں چھٹی سے آٹھویں تک کے کلاسز شروع کئے گئے ہیں۔تیسرے مرحلے مین پرائمری کلاسز 15مارچ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسکولوں میں معیاری عملیاتی طریقہ کار کے تحت جہاں طلاب کے درمیان جسمانی فاصلے دیکھنے کو ملے وہیں تعلیمی اداروں میں داخل ہونے سے قبل جسمانی د رجہ حرارت کی جانچ تھرمل طریقہ کار سے کی جا رہی تھی۔اسکولوں کے کلاسوں اور دفاتر میں سینی ٹائزر بھی دستیاب رکھے گئے تھے،جبکہ بغیر ماسک طلاب اور دیگر عملے کو اسکولوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔ فروری کے وسط میں وادی میں کالجوں میں تدریسی عمل شروع ہوا تھا جس کے بعد یکم مارچ کو9ویں سے12 جماعت تک کے طلاب کیلئے اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوئی۔پیر کو مڈل کلاسز میں درس و تدریس کا کام شروع ہونے کے دوران 9ویں سے 12ویں تک کے کلاسز آف رکھے گئے ہیں جو دو دن جاری رہیں گے تاکہ سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جائے۔