عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // سرینگر اور جموں ہوائی اڈوں سے جمعرات کو بھی 9پروازیں منسوخ ہوگئیں جن میں انڈیگو کی 8پروازیں شامل تھیں۔ تاہم باعث مسرت بات یہ رہی ہے تقریباً 7روز کے بعد عمرہ پر جانے والے زائرین کا پہلا قافلہ روانہ ہوا۔ائر پورٹ اتھارٹی حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وادی سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین ، جو پچھلے ایک ہفتے سے درماندہ ہوئے تھے، جمعرات کو روانہ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ 3گروپوں پر مشتمل 180زائرین انڈیگو فلائٹ سے احمد آباد کیلئے روانہ ہوئے۔ یہاں سے وہ جدہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2دسمبر سے انڈیگو فلائٹ آپریشن میں وسیع پیمانے پر خلل پڑنے سے عمرہ پر جانے والے زائرین کی پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں۔حکام نے مزید بتایا کہ جمعرات کو بھی سرینگر اور جموں سے پروازیں منسوخ ہونے کا سلسلہ جاری رہا۔سرینگر ہوائی اڈے سے انڈیگو کی 4جبکہ سپائس جٹ کی ایک پرواز منسوخ ہوئی۔ سرینگر سے جانے والی پروازیں، جو منسوخ کی گئیں، ان میںامرتسر، کولکتہ کیلئے دو جبکہ نئی دہلی کیلئے دو پروازیں منسوخ کی گئیں۔ سپائس جٹ کی پرواز دلی کیلئے جانے والی تھی جو منسوخ کردی گئی۔جموں سے جو 4پروازیں منسوخ کی گئیں، ان میں دو حیدر آباد اور دو دلی جانے والی تھیں۔