سرینگر // گلمرگ اور چند پہاڑی علاقوں میں جمعرات کو بھی ہلکی برفباری ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہوا۔سرینگر سمیت میدانی علا قو ں میں جمعر ا ت کو دن بھر وقفے وقفے سے بارشیں ہوئیں ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں تک مزید بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے 18اپریل تک موسم خراب رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بدھ کی رات دیر گئے وادی کے کئی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔لیکن جمعرات کی صبح بھی ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارشیں ہوئیں جو دوپہر کو تھم گئیں لیکن سہ پہر کو پھر شروع ہوئیں، جن کا سلسلہ شام تک جاری رہا۔ گلمرگ ، سونہ مرگ ، نستہ چھن گلی ، زیڈ گلی، شمس بھری ، پیر کی گلی اور دیگر کئی مقامات پر تازہ ہلکی برفباری ہوئی ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میں آئندہ 24گھنٹوں تک مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بارشیں اور برفباری بھی ہوسکتی ہے ۔ محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد کے مطابق خراب موسمی صورتحال 17 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔