سرینگر//محکمہ موسمیات نے وادی میں تازہ پیش گوئی کرتے ہوئے 16 اور 17اکتوبرکو موسم میں تبدیلی آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا اثرنچلے درجے کے مشرقی علاقوں میں پڑے گا جس سے موسم میں تبدیلی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ موسمی اثرات کی وجہ سے جموں و کشمیر میں 16 اکتوبر کی رات سے17 اکتوبر کی شام تک دور دور تک ہلکی اور گرج چمک کے ساتھ درمیانہ درجے کی بارش کا زیادہ امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے۔محکمہ کے ترجمان نے کہا’’زیادہ تر امکان ہے کہ جموں ڈویژن کے پیرپنچال رینج (بھدرواہ،بانہال ‘میں متوسط بارش ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گلمرگ ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ ، پہلگام اور سونہ مرگ (زوجیلا پاس) کی اونچی جگہوں پر بھی ہلکی برفباری کا امکان ہے ، دراس ،زنسکا ر، لیہہ منالی شاہراہ کی اونچی جگہوں پربھی برف باری ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرینگر،جموں ، سرینگرلیہہ شاہرائوں اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر آنے کے واقعات ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دن کے درجہ حرارت میں کمی ہو سکتی ہے۔ کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ زراعت اور باغبانی کی فصلوں کی کٹائی ملتوی کریں۔