سرینگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جموں و کشمیرمیں جنگجویانہ ساز ش کیس کے سلسلے میں وادی کے 4اضلاع میں11 مقامات پرچھاپے مارے اور تلاشیاں لیں اور اس دوران 4افراد کو گرفتار کیا گیا۔یہ معاملہ مختلف جنگجوئوں تنظیموں کی جانب سے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری اور دیگر بڑے شہروں میں پرتشدد جنگجویانہ کارروائیاں کرنے کی سازش سے متعلق ہے۔ بدھ کے روز سرینگر، پلوامہ،کولگام اور بارہمولہ میں 11 مقامات پر تلاشیاں لی گئیں۔ اس دوران سہیل احمد ٹھوکر ساکن کولگام، کامران اشرف ریشی ساکن حضرتبل، ریاض بشیر ساکن سرینگر اور حنان گلزار ڈار ساکن سرینگر کو حراست میں لیا گیا۔ گزشتہ ہفتے ، 9 مشتبہ افراد ، جن کا مبینہ طورجنگجوئوںسے تعلق تھا ، کو این آئی اے نے دو روزکے دوران گرفتار کیاکر لیا تھا۔ این آئی اے نے 10اکتوبر کو کیس درج کیا تھا اور تحقیقات شروع کی تھی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے وادی کشمیر میں ہوئی شہری ہلاکتوں جس میں کچھ غیر ریاستی مزدور اور اقلیتی فرقے کے لوگ بھی شامل ہیں کی تحقیقات ممکنہ طور این آئی اے کرے گی ۔