سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری میں تقریباً ایک دہائی کی طویل تاخیر اور عوامی مشکلات کے بعد اندرولہ پوٹھاموٹر ایبل پل کی تعمیراتی سرگرمیاں بالآخر دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں، جس سے علاقے کے ہزاروں مکینوں میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ پل متعدد دیہات کو جموں۔راجوری۔پونچھ قومی شاہراہ سے براہ راست جوڑنے کیلئے نہایت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پل کی تکمیل کے بعد قریباً 6 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ اور آسان آمدورفت کی سہولت حاصل ہوگی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے جنہوں نے ڈھول کی تھاپ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ مقامی رکن اسمبلی افتخار احمد نے کام کی بحالی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کیلئے ایک بڑا مسئلہ بن چکا تھا، تاہم اب باقی ماندہ کام شروع ہونے سے لوگوں کی مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پل کی تکمیل ان کے انتخابی منشور کا اہم وعدہ تھا جسے عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے بھی اس پیش رفت کو برسوں کی مشکلات کے خاتمے سے تعبیر کرتے ہوئے اسے علاقے کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خاتمے کے مترادف قرار دیا۔تفصیلات کے مطابق 2014 کے تباہ کن سیلاب میں یہاں موجود پرانا پل بہہ گیا تھا جس کے بعد 2015-16 میں نئے پل کی تعمیر شروع کی گئی، تاہم ٹینڈر کی تکنیکی خامیوں کے باعث پل کے آخری حصے اور اپروچ روڈ کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی۔ نتیجتاً منصوبہ تقریباً دس برس تک تعطل کا شکار رہا اور نامکمل ڈھانچے نے مقامی آبادی کو شدید مشکلات میں مبتلا رکھا۔پل کے اختتامی حصے پر دیہاتیوں کو عارضی سیڑھی کے ذریعے اوپر نیچے آنا جانا پڑتا تھا جو انتہائی خطرناک ثابت ہو رہی تھی۔ کئی افراد اس دوران زخمی بھی ہوئے جبکہ گزشتہ سال ایک افسوسناک واقعے میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان پل کے آخری سرے سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئے تھے۔اب تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہونے کے بعد مقامی باشندوں کو امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں پل مکمل ہو جائے گا اور خطرناک راستے سے ہمیشہ کیلئے نجات مل جائے گی، جس سے علاقے میں ترقی اور آمدورفت کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔