سرینگر //کشمیر میں سردی کی لہر بدستور جاری ہے اور شبانہ درجہ حرارت بدستورنقطہ انجماد سے نیچے درج کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 23نومبر تک شبانہ درجہ حرارت میں منفی2 سے3ڈگری کا اضافہ درج کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق سرینگر شہر میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب کم سے کم درجہ حرارت منفی1.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ہے ،جبکہ اس سے قبل کی رات کو سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا تھا ۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ اس سے قبل کی رات کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.3ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔سیاحتی مقام پہلگام جموں وکشمیر میں روان موسم کا سب سے سرد ترین علاقہ رہا جہاں پر درجہ حرارت منفی 4.3ڈگری ریکاڑ ہوا جبکہ اس سے قبل وہاں درجہ حررات3.2ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔سرحدی ضلع کپوارہ میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد نے نیچے رہا جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی2.7ڈگری ریکاڑ ہوا جبکہ اس سے قبل کی رات کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔سیاحتی مقام گلمرگ کے درجہ حرارت میں روان دنوں قدر بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے اور وہاں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5ڈگری ریکارڈ ہوا تھا ۔ لداخ خطہ میں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے۔ضلع لیہہ میں منفی7.8 ، دراس میں منفی 12 ، کرگل میں منفی 4.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات نے پہلے سے ہی یہ پیشگوئی کی ہے کہ 24اور25نومبر کو پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارشوں کا معمولی امکان ہے جبکہ اس پورے ماہ میں کسی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی بھی امکان نہیںہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سنیچر کو صبح کے وقت شدیددھند چھائی ہوئی تھی جو کچھ دنوں تک جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ دھند کی وجہ سے گاڑیوں کو بھی چلنے میں دقتیں پیش آئیں اور انہیں ہیڈ لائٹ جلا کرچلنا پڑا ۔