نئی دہلی //ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں بھاجپا کی سونامی کے آگے کانگریس، ایس پی اور بی ایس پی بہہ گئی۔جہاں اترپردیش میں بھاجپا نے اکھلیش یادو کی پانچ سال پرانی سرکار کو ہرا دیا وہیں کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے اتحاد کو بھی بھاری شکست سے دوچار کردیا۔تاہم پنجاب میں کانگریس دس سال بعد اقتدار حاصل کرنے میںکامیاب ہوئی۔لیکن سب کی نظریں اتر پردیش پر لگی تھیں جہاں بھاجپا کی سونامی کے آگے نہ ذات پات کے ووٹوں کی کوئی قیمت رہی، نہ یادو کے ووٹ کام آئے اور نہ مسلم ووٹ کی وجہ سے کوئی تبدیلی رونما ہوئی۔بی جے پی نے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے علاوہ اتراکھنڈ میں جبکہ کانگریس نے پنجاب میں اکثریت حاصل کر لی۔یوپی اور اتراکھنڈ میں بی جے پی نے دو تہائی اکثریت حاصل کرلی ہے۔منی پور میں کانگریس اور بی جے پی میں سخت مقابلہ ہے جبکہ گوا میں کانگریس کو بی جے پی پر سبقت حاصل رہی۔اتر پردیش اسمبلی کی 403 نشستوں میں سے 402 پر ووٹنگ ہوئی تھی جہاں بی جے پی 309 سیٹیں جیت چکی ۔سماج وادی پارٹی اور کانگریس 54 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔2012 میں سماج وادی پارٹی نے 224 سیٹیں حاصل کی تھیں جبکہ بی ایس پی کو 80 سیٹیں ملی تھی اور بی جے پی 47 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی تھی جبکہ کانگریس صرف 28 سیٹیں ہی جیت سکی تھی۔ ذات پات اور مذہب میں منقسم ریاست اترپردیش میں وعدے اہمیت کے حامل ہیںاتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ اور بی ایس پی کی رہنما مایاوتی نے ایک پریس کانفرنس میں ووٹنگ کے دوران مشینوں کی خرابی کا الزام لگاتے ہوئے دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ پہلے انھیں یقین نہیں آیا تھا لیکن اس بار کے نتائج کو دیکھ کر وہ یہ کہہ سکتی ہیں کہ ووٹنگ مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے۔نریندر مودی نے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا اور انہوں نے مہم کے دوران ریاست میں ترقی کے ساتھ بدعنوانی کو ختم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔پنجاب میں 10 سال سے حکمراں اکالی بی جے پی اتحاد کو شکست ہوئی۔یہاں کانگریس کو سبقت حاصل رہی جبکہ ریاست میں پہلی بار الیکشن میں حصہ لینے والی عام آدمی پارٹی تیسرے نمبر پر ہے۔ 117 نشستوں میں سے کانگریس نے 76 نشستیں جیت لی جبکہ اکالی دل اور بی جے پی اتحاد نے 18 اورعام آدمی پارٹی 20 نشستیں جیت گئی۔ 2012 میں صوبے میں کانگریس نے 46 نشستیں، شرومنی اکالی دل اور بی جے پی نے 56 نشستیں جیتی تھیں جبکہ تین نشستوں پر دیگر امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ریاست اتراکھنڈ میں بھی بی جے پی نے 56 نشستوں پر کامیابی حاصل کر کے اکثریت حاصل کر لی ہے۔کانگریس نے 11 سیٹیں جیتی ہیں مگر اس کے وزیر اعلی ہریش راوت جو دو نشستوں پر الیکشن لڑ رہے تھے، دونوں ہی جگہ انھیں شکست ہوئی ہے۔ 2012 میں بی جے پی کو یہاں 31 سیٹیں ملی تھی، جبکہ کانگریس نے 32 پر کامیابی حاصل کی تھی ۔گوا میں کانگریس کو بی جے پی پر سبقت حاصل ہے۔ریاستی اسمبلی کی کل 40 سیٹوں میں سے کانگریس نے 16 نشستیں جیت چکی ہے جبکہ بی جے پی نے 13 نشستیں جیتی ہیں۔ دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے حصے میں دس سیٹیں آئی ہیں۔منی پور سے حاصل کردہ انتخابی رجحانات کے مطابق یہاں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ ہے ۔منی پور میں کانگریس 26 سیٹیں جیت چکی ہیں جبکہ بی جے پی نے 20 سیٹیں جیتی ہیں ۔