ڈوڈہ //یوم شجر کاری کے موقع پر ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے مختلف مقامات پر سینکڑوں نئے پیڑ پودے لگا کر رضاکار تنظیموں و محکمہ جنگلات کے ملازمین نے لوگوں سے ماحولیاتی آلودگی کو برقرار رکھنے کے لئے سبز سونے کے تحفظ کو ممکن بنانے پر زور دیا۔ محکمہ جنگلات و ایجوکیشنل اینوائرمنٹل سوشل سپورٹس و کلچرل سوسائٹی بھلیسہ کے اشتراک سے سب ڈویڑن گندوہ کی پنچائت النی گوئل باڑ میں رضاکارانہ طور پر دیودار کے دو سو پودے لگائے۔ اس دوران پرائمری اسکول گوئل باڑ میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سوسائٹی کے چیئرمین محمد ایوب زرگر، جنرل سیکرٹری محبوب اقبال بٹ و دیگر مقررین نے اس دن کی مناسبت سے تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے موجودہ دور میں جنگلات کی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ماحولیات کے بگڑتے نظام کے لئے نقصان دہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی پچیس برسوں سے ڈوڈہ ضلع کے دور افتادہ علاقوں میں ماحولیات پر کام کررہی ہے۔ مقررین نے سبز سونے کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ و سیول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ آپسی تال میل کے ساتھ اس قیمتی سرمایہ کا بچاؤ کریں ورنہ وہ دن دور نہیں جب جنگلات کے خاتمے سے سماج پر برے اثرات مرتب ہوں گے۔ رینج چرالہ کے جائی بلاک میں بھی محکمہ جنگلات نے ڈی ایف او بھدرواہ چندر شیکھر کی زیرنگرانی ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا جس میں چیرمین جنگلات کمیٹی یوجا سمیت پنچوں و علاقہ کے معززین نے شرکت کی۔ بلاک فارسٹ آفیسر اعجاز زرگر کی موجودگی میں پودے لگائے گئے اور لوگوں جنگلات کے کٹاؤ سے پیدا مسائل و اس کے تحفظ سے متعلق جانکاری دی گئی۔آخر پر پروگرام میں موجود بچوں میں کاپیاں تقسیم کیں گئیں۔